نئی دہلی، 15 دسمبر (یو این آئی )وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز ایس ڈی اے ٹی اسکواش ورلڈ کپ 2025 میں اپنا پہلا عالمی کپ خطاب جیت کر تاریخ رقم کرنے والی ہندوستانی اسکواش ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیر اعظم نے ٹیم کے چار کھلاڑیوں جوشنا چنپا، ابھے سنگھ، ویلون سینتھل کمار اور انآہت سنگھ کی زبردست تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی یہ کامیابی پورے ملک کیلئے فخر کا باعث بنی ہے ۔وزیر اعظم نے اس تاریخی کارنامہ پرکہا کہ یہ جیت ہمارے نوجوانوں کے درمیان اسکواش کی مقبولیت میں بھی اضافہ کرے گی۔قابلِ ذکر ہے کہ ہندوستانی ٹیم نے اتوار کی شام چینائی میں کھیلے گئے فائنل مقابلے میں ہانگ کانگ کو 3-0 سے شکست دے کر پہلی بار اسکواش ورلڈ کپ کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔جوشنا چنپا نے دنیا کی 37 ویں نمبر کی کھلاڑی لی کا ئی کو 3-1 سے ہرا کر ہندوستان کو فاتحانہ آغاز فراہم کیا۔اس کے بعد، ہندوستان کے اعلیٰ رینکنگ والے مرد اسکواش کھلاڑی دنیا کے 29 ویں نمبر کے ابھے سنگھ نے ایلکس لاؤ کو 3-0 سے شکست دی۔اُدھر 17 سالہ انآہت سنگھ نے ٹماٹو ہو کو 3-0 سے ہرا کر میچ ہندوستان کے حق میں کرلیا۔میزبان انڈیا نے کلینکل اور کمانڈنگ ڈسپلے پیش کرتے ہوئے ٹاپ سیڈ ہانگ کانگ کو 3.0 سے شکست دیکر اتوار کو اسکواش ورلڈ کپ جیت لیا۔ یہ پہلا موقع ہے جب دونوں ممالک فائنل میں مدمقابل ہوئے۔
