ہندوستانی ٹیم بلند حوصلوں کے ساتھ ارجنٹینا روانہ

   

بنگلور: دورۂ یوروپ ناقابل تسخیر رہنے کے بعد ہندوستانی ہاکی ٹیم کے حوصلے کافی بہند ہیں اور وہ ارجنٹینا کے سفر کے آغاز سے قبل ایک اور بہتر ٹور کے لیے پرعزم نظر آئی۔ ٹیم کے کپتان من پریت سنگھ نے ارجنٹینا روانگی سے قبل کہا کہ ہندوستانی ہاکی ٹیم دفاعی اولمپک چیمپئنس کے خلاف بہتر مظاہرے کے لیے پرعزم ہے۔ 22 رکنی ہندوستانی ٹیم آج صبح یہاں سے بیونس ایرس کے لیے روانہ ہوچکی ہے اور یہ 2021ء میں ہندوستان کا دوسرا بیرونی دورہ ہے جیسا کہ اس سے قبل اس نے گزشتہ ماہ جرمنی اور برطانیہ کا دورہ کیا تھا۔ ٹیم میں ایک سال بعد واپسی کرنے والے من پریت سنگھ نے عالمی معیار کی اور سرفہرست ٹیموں کے خلاف کھیل سے پرعزم ہے۔ ہاکی انڈیا کی جانب سے جاری کردہ صحافتی بیان میں من پریت سنگھ نے کہا کہ تقریباً ایک برس سے زائد عرصہ سے مسابقتی کھیلوں میں شرکت نہ کرنا ایک بڑا نقصان ضرور ہے لیکن کورونا بحران کی وجہ سے دنیا کی تقریباً ہر بڑی ٹیمیں اس طرح کی مسائل کا سامنا کررہی ہیں۔ ہندوستانی ٹیم ارجنٹینا کے دورے پر 6 مقابلے کھیلے گی جس میں 4 ایک کے بعد دیگرے مقابلے ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ کے مقابلے ہیں جوکہ 11 اپریل کو شروع ہوں گے۔