ریاض۔ ہندوستان کی خواتین سی ایس جی او ٹیم ایشیائی کوالیفائرکے پہلے دن کرغزستان اور میزبان سعودی عرب کے خلاف مقابلوں کے ساتھ 15 ویں عالمی ای اسپورٹس چمپئن شپ میں مقام حاصل کرنے کے لیے اپنی مہم کا آغاز کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ یہ ایوینٹ کل ریاض میں شروع ہورہا ہے ۔ہندوستانی ٹیم یہاں 15 سے 17 جولائی تک ایشیائی کوالیفائر میں براعظم کی سرکردہ ٹیموں کے خلاف آمنے سامنے جاکر بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت بنانے کی امید کر رہی ہے۔کپتان سویمبیکا سچر کی قیادت میں، ندھی سالیکر (اسٹورمی)، شگفتہ اقبال، دلراج کور متھرواور آستھا نانگیا (کریک شاٹ) پر مشتمل ستاروں سے سجی ٹیم کا مقابلہ کرغزستان اور سعودی عرب کے خلاف ہوگا۔ اس کے بعد دوسرے دن ہانگ کانگ چین اور آسٹریلیا کے خلاف میچز ہوں گے۔گروپ مرحلے کے میچز بیسٹ آف ون فارمیٹ میں کھیلے جائیں گے جس میں سیمی فائنلز اورگرینڈ فائنلز بیسٹ آف تھری فارمیٹ میں کھیلے جائیں گے۔ پانچ میں سے صرف دو ٹیمیں 15ویں ڈبلیو ای سی کے لیے کوالیفائی کریں گی اور چمپئنز کو 7000 امریکی ڈالرس انعامی رقم سے نوازا جائے گا۔ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں کو بالترتیب 3,500 اور 2,000 ڈالرس سے نوازا جائے گا۔