نئی دہلی ، 13 جون (ایجنسیز) 2 مقامات اور4 کھلاڑی، ہندوستانی ٹیم کے نقطہ نظر سے یہ اچھی بات ہے کیونکہ اس کے پاس اچھے کھلاڑیوں کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن، اس سے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کی پریشانی بڑھ گئی ہے۔ ان کے سامنے سوال یہ ہے کہ اسے کن دوکھلاڑیوں کو کھیلنا چاہیے اورکن دو کو نہیں۔ ٹیم انڈیا کو انگلینڈ کے دورے پر20 جون کو ہیڈنگلے میں پہلا ٹسٹ کھیلنا ہے جس کے لیے پلیئنگ الیون میں 2 مقامات کے لیے 4 کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔ ہندوستانی پلیئنگ الیون میں جن دو مقامات کے لیے مقابلہ ہے ایک تیز آل راؤنڈرکے لیے اور دوسرا اسپن آل راؤنڈر کے لیے ہے۔انگلینڈ کے خلاف ٹیم انڈیا کی پلیئنگ الیون میں تیز رفتار آل راؤنڈر کی جگہ کے لیے شاردول ٹھاکر اور نتیش کمار ریڈی کے درمیان مقابلہ ہے۔ رویندر جڈیجہ اور واشنگٹن سندر اسپن آل راؤنڈرکے محاذ پر آمنے سامنے ہیں۔ چاروں کھلاڑی اپنی ذات میں باصلاحیت ہیں لیکن، ان میں سے صرف دوکو موقع مل سکتا ہے۔ ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اب ان 4کھلاڑیوں میں سے کسی دوکا انتخاب کیسے کریں گے؟ ٹیم انڈیا کے بولنگ کوچ مورنے مورکل کے مطابق تیز رفتار آل راؤنڈر کے طور پر شاردول یا نتیش میں سے کسی ایک کو منتخب کرنے کا حتمی فیصلہ انٹرا اسکواڈ میچ کے بعد ہی لیا جائے گا، جو13 تا 16 جون کے درمیان کھیلا جائے گا لیکن ساتھ ہی یہ دیکھنا بھی اہم ہوگا کہ ان کھلاڑیوں میں سے کون انگلش حالات میں بہتر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔شاردول ٹھاکر نے انگلینڈ میں اب تک 3 ٹسٹ کھیلے ہیں جس میں انہوں نے122 رنز بنائے اور 8 وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ میں کھیلے گئے ٹسٹ میں بیٹ سے ان کا بہترین اسکور60 رنز ہے۔ بولنگ میں ان کی بہترین کارکردگی ایک اننگز میں22 رنز کے عوض 2 وکٹیں ہیں۔ نتیش کمار ریڈی کی بات کریں تو انہیں انگلش حالات میں کھیلنے کا تجربہ نہیں ہے لیکن آسٹریلیا کے دورے پر انہوں نے سنچری بناکر جو تاثردیا اس نے امیدیں بڑھا دی ہیں۔ نتیش ریڈی نے اب تک آسٹریلیا میں اپنے کیریئرکے تمام پانچ ٹسٹ کھیلے ہیں، جس میں انہوں نے 298 رنز بنانے کے علاوہ 5 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔ رویندر جڈیجہ اور واشنگٹن سندر اسپن آل راؤنڈر کے دو سب سے بڑے دعویدار ہیں۔ جڈیجہ نے انگلینڈ میں 12 ٹسٹ کھیلے ہیں، جس میں انہوں نے 642 رنز بنانے کے علاوہ 27 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔ سندر نے بھی خود کو ثابت کیا۔