ہندوستانی ٹیم نے سری لنکا کو بھی شکست دی

   

ملبورن۔29 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) سیمی فائنل میں پہلے ہی پہنچ چکی ہندوستانی خاتون ٹیم نے اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سری لنکا کو اپنے گروپ کے آخری مقابلے میں سات وکٹ سے شکست دیکر آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں جیت کا چوکا لگا یا۔رادھا یادونے23 رنز پر چار وکٹیں حاصل کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا اور ان کی خطرناک بولنگ سے ہندوستان نے سری لنکا کو20 اوورزمیں نو وکٹ پر113 رنز تک محدود رکھا۔ ہندوستان نے 14.4 اوور میں تین وکٹ پر116 رنز بنا کر یکطرفہ کامیابی حاصل کر لی۔16 سال کی نوجوان اوپنر ش شیفالی ورما نے ایک اور دھماکہ خیز اننگز کھیلتے ہوئے صرف34 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے شاندار47 رنز بنائے ۔ ہندوستان نے اس سے پہلے دفاعی چمپئن آسٹریلیا، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کو شکست دی ہے۔