ہندوستانی ٹیم کا جون میں دورۂ انگلینڈ

   

لندن ۔ ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف تاریخی ٹسٹ مقابلہ رواں برس جون میں کھیلے گی جبکہ اس دورہ پر ہندوستانی ٹیم انگلش ٹیم کے خلاف 3 ونڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کی سیریز بھی کھیلے گی جبکہ ہندوستان کا یہ دورہ جون، جولائی میں ہوگا۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان تاریخی ٹسٹ مقابلہ برسٹل کاؤنٹی گراؤنڈ پر 16 تا 19 جون کھیلا جائے گا اور اسی مقابلہ سے انگلش ٹیم کے موسم گرما کے سیزن کا آغاز ہوگا۔ قبل ازیں بی سی سی آئی کے سکریٹری جئے شا نے رواں برس ہی اس ٹسٹ کی تصدیق کردی تھی لیکن قطعی تاریخ اور مقام کا اعلان میزبان ملک نے کیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم 2014 کے بعد پہلی مرتبہ ٹسٹ مقابلہ کھیل رہی ہے جبکہ انگلینڈ نے 2019 ایشیز سیریز میں ٹسٹ کھیلا تھا۔ ٹسٹ مقابلہ کے بعد 3 ونڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی مقابلے بھی کھیلے جائیں گے۔ 27 تا 3 جولائی ونڈے سیریز ہوگی جبکہ 9 تا 15 جولائی کے دوران 3 ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلے جائیں گے۔ گھریلو سیریز کی تفصیلات کا اعلان کرنے کے بعد انگلینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ٹام ہیریسن نے کہا کہ ہم موسم گرما کے مصروف شیڈول کے لئے تیار ہیں۔
شائقین کیلئے ویراٹ کوہلی سے ملاقات کا موقع
ممبئی ۔ آئی پی ایل کی ٹائٹل اسپانسر کمپنی وی وو کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اس کے سفیر ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی سے شائقین کو ملاقات کا موقع فراہم کیا جارہا ہے جس کے لئے ایک کنٹسٹ شروع کیا گیا ہے۔ کرکٹ شائقین وی وو کے سوشل میڈیا صفحات پر ان مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے کوہلی سے ملاقات کا موقع حاصل کرسکتے ہیں۔