ایشین کرکٹ کونسل کے پاکستانی صدر نقوی ٹرافی اور میڈلز لیکر اپنی ہوٹل روانہ ہوگئے
دبئی، 29 ستمبر (یو این آئی ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے اتوار کو دبئی میں پاکستان کے خلاف فائنل میں فتح کے بعد ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے ایشیا کپ ٹرافی لینے سے انکار کردیا۔ ہندوستان کی 5 وکٹ سے جیت کے فوراً بعد بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا نے کھلاڑیوں اور معاون عملے کیلئے 21 کروڑ روپے کے انعامات کا اعلان کیا۔ اُدھر فائنل میں رنکو سنگھ کی میچ وننگ باؤنڈری کے بعد کی بدمزگی سے انعامات کی تقسیم کی تقریب کے آغاز میں ڈیڑھ گھنٹے سے زیادہ تاخیر ہوئی۔ ہندوستانی ٹیم نے نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کردیا، جب کہ نقوی فاتح ٹیم کو ٹرافی دینے پر بضد ہوئے اور اپنی جگہ سے ہٹنے سے انکار کردیا۔ نقوی جو پاکستان کے وزیر داخلہ بھی ہیں، نے اصرار کیا کہ وہ اکیلے ہی ٹرافی پیش کریں گے۔ چنانچہ ایوارڈز کی تقریب شروع ہونے سے قبل ہی ٹرافی کو میدان سے ہٹا دیا گیا۔ بتایا گیا کہ چیئرمین اے سی سی نقوی کی ایما پر ٹرافی اور میڈلز کو ان کے ساتھ دبئی میں ان کے قیام والی ہوٹل پہنچا دیا گیا۔ تلک ورما، کلدیپ یادو، اور ابھیشیک شرما نے اسپانسرز سے اپنے ایوارڈ حاصل کیے ، لیکن ہندوستانی ٹیم کو ٹرافی نہیں ملی۔ پاکستان نے اپنا رنر اپ میڈل بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام سے وصول کیا اور پھر اپنے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے ساتھ سیدھے اپنے ڈریسنگ روم میں گئے۔ بتایا گیا کہ ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے نائب صدر خالد الزرونی اور امین الاسلام نے ہندوستان کو ٹرافی پیش کرنے کی پیشکش کی، جسے ہندوستان قبول کرنے کو تیار تھا۔ تاہم، نقوی رضامند نہیں تھے ۔ بالآخر ہندوستان کو کوئی ٹرافی پیش نہیں کی گئی۔ ہندوستانی کپتان سوریہ کمار یادو ایوارڈ تقریب میں خاموش رہے ۔ تلک ورما (پلیئر آف دی میچ)، سلمان علی آغا (پاکستانی کپتان) اور ابھیشیک شرما (ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی) کا انٹرویو لینے کے بعد میزبان سائمن ڈول نے اعلان کیا، ’’مجھے ایشین کرکٹ کونسل کی طرف سے مطلع کیا گیا ہے کہ ہندوستانی ٹیم آج رات اپنے ایوارڈ نہیں لے سکے گی۔ اس لیے یہاں میچ کے بعد ایوارڈز کی تقریب ختم کی جارہی ہے‘‘۔ پھر نقوی کی روانگی پر ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کی تصویر کشی کیلئے ’چمپیئنز‘سائن بورڈ کو مختصراً باہر لایا گیا۔ کھلاڑی اسٹیج پر بیٹھ گئے۔ سوریہ کمار نے مسکراتے ہوئے ایک خیالی ٹرافی اٹھانے کا پوز دیا جبکہ ان کے ساتھی اس کے ارد گرد تالیاں بجاتے ہوئے خوشی منا رہے تھے۔ پریس کانفرنس میں سوریہ کمار نے کہا کہ ہندوستان شاندار کارکردگی کے بعد ٹرافی لینے کا حقدار ہے ۔ جب سے میں نے کرکٹ کھیلنا اور دیکھنا شروع کیا ہے، میں نے کبھی کسی چمپئن ٹیم کو ٹرافی دینے سے انکار کرتے نہیں دیکھا۔ ہم نے اسے جیتنے کیلئے سخت محنت کی۔ ہم 4 ستمبر سے یہاں (یو اے ای میں) ہیں، ہم نے لگاتار اچھا کھیلا۔ مجھے لگتا ہے کہ میں نے اس کا اظہار بہت اچھے طریقے سے کیا ہے ، میں اس سے زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتا۔