ملبورن ۔ 7فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم کو سہ رخی سیریز میں متواتر دوسری شکست برداشت کرنی پڑی جیسا کہ ٹوئنٹی 20 کے دوسرے مقابلہ انگلینڈ نے ہندوستانی ٹیم کو چار وکٹوں سے شکست دی ہے۔ بیٹنگ کیلئے مدعو کئے جانے کے بعد ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑی اس کا فائدہ نہیں اٹھا سکے اور مقررہ 20 اوورس میں 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 123 اسکور کئے جس میں اوپنر سمرتی مندنا نے 45 گیندوں میں 40 رنز اسکور کئے جوکہ قومی ٹیم کی جانب سے انفرادی اعظم ترین اسکور رہا۔ نشانہ کے تعاقب میں نتالی اسکیور نے تیز رفتار نصف سنچری اسکور کی جس کی بدولت انگلینڈ نے 7 گیندیں قبل ہی 6 وکٹوں پر 124 رنز اسکور کرتے ہوئے جامع کامیابی حاصل کی۔ نتالی نے 38 گیندوں میں 50 رنز اسکور کئے جس میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل ہیں۔ ہندوستان کیلئے راجیشور گائیکوال نے کامیاب بولنگ کرتے ہوئے 23 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ علاوہ ازیں رادھا یادو نے24 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی لیکن ہندوستانی بولروں کیلئے اسکور بورڈ پر اتنا اسکور ہی نہیں تھا جس کا آسانی سے دفاع کیا جاسکے۔ ہندوستان کوا س سے قبل سیریز کے پہلے مقابلہ میں بھی انگلینڈ کے خلاف شکست ہوئی ہے۔