نئی دہلی: ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں اب جبکہ صرف ایک ہفتے کا وقت باقی رہ گیا ہے لہٰذا بی سی سی آئی نے اس اہم مقابلہ میں ہندوستانی شائقین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی ٹیم اور کھلاڑیوں کی جوش و خروش سے حمایت کریں۔ بی سی سی آئی نے گزشتہ روز ہی ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شائع کیا تھا جس میں ہندوستانی ٹیم انگلینڈ میں لازمی قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد پہلی مرتبہ میدان میں پریکٹس کی تھی بی سی سی آئی نے کہا ہے کہ خطابی مقابلہ میں شائقین کو اپنے کھلاڑیوں کی حمایت کرنی چاہئے۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے اس ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل کے لیے دنیائے کرکٹ میں بے صبری سے انتظار کیا جارہا ہے۔ انگلینڈ پہنچنے پر ٹیم کے کوچ روی شاستری نے آئی سی سی سے کہا تھا کہ وہ ایک فائنل کے بجائے دونوں ٹیموں کے درمیان تین مقابلوں کی سیریز کو کھلانا چاہئے۔ فائنل سے قبل ہندوستانی ٹیم کو زیادہ تیاری کا موقع نہیں ملا ہے جبکہ دوسری جانب نیوزی لینڈ فائنل سے قبل انگلینڈ کے خلاف دو مقابلوں کی باہمی سیریز کھیل رہی ہے۔ لارڈس میں دونوں ٹیموں کے درمیان منعقدہ مقابلہ بغیر نتیجہ کے ختم ہوا جبکہ دوسرے ٹسٹ میں بھی نیوزی لینڈ کی ٹیم کے مظاہرے کافی بہتر ہیں۔