ہندوستانی ٹیم کے انتخاب پر کپل دیو کی تنقید

   

نئی دہلی ۔ 25 فروری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ میں ہندوستانی ٹیم کی 10 وکٹوں کی شکست کے بعد ٹیم کو پہلی مرتبہ عالمی چمپئن بنانے والے سابق کپتان کپل دیو نے ٹیم کے انتخاب کے طریقہ کار پر شدید تنقید کی ہے۔ کپل دیو نے اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نیوزی لینڈ کی ستائش کرنی چاہئے کیونکہ وہ بہترین کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ تین ونڈے مقابلوں کی سیریز اور ٹسٹ مقابلہ میں ان کا مظاہرہ انتہائی شاندار رہا۔ کپل دیو کے بموجب اس مقابلہ کا اگر تجزیہ کیا جائے تو مجھے سمجھ میں نہیں آتا کہ کوئی کس طرح بہت زیادہ تبدیلیاں کرسکتا ہے کیونکہ ہر مقابلہ میں ایک نئی ٹیم ہوتی ہے اور ٹیم میں کوئی بھی مستقل نہیں ہے۔ کپل دیو نے مزید کہا کہ ٹیم میں اگر کھلاڑی کو مستقل مقام دستیاب نہ ہونے کا خوف ہوتا ہے تو اس کا مظاہرہ ازخود متاثر ہوجاتا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کا بیٹنگ شعبہ کپتان ویراٹ کوہلی، چیٹیشور پجارا اور اجنکیا راہنے پر مشتمل تھا لیکن یہ تینوں کھلاڑی دونوں اننگز میں ناکام رہے۔ کپل دیو نے کہا کہ ٹیم میں اتنے بڑے نام ہونے کے باوجود اگر وہ دونوں اننگز میں 200 رنز اسکور نہیں کرپاتے ہیں تو یہ کیسے ممکن ہوگا کہ حالات سے ہم آہنگی کرتے ہوئے حکمت عملی کا صحیح استعمال کریں گے۔ کپل دیو نے ٹیم میں کے ایل راہول کو شامل نہ کرنے پر شدید حیرانگی ظاہر کی اور کہا کہ جو بیٹسمین ٹی 20 سیریز میں بہترین بیٹسمین کا اعزاز حاصل کرتا ہے اس جیسے بااعتماد کھلاڑی کو ٹیم سے باہر کیا جانا ناقابل فہم ہے۔