نئی دہلی۔17اگست (ایجنسیز) ایشیاکپ 2025 میں ٹرافی کی دوڑ 9 ستمبرکو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں شروع ہونے جا رہی ہے۔ اس ٹورنمنٹ میں8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ پچھلی بار کی چمپئن ٹیم انڈیا اپنے خطاب کے دفاع کے لیے اس مقام پر جانے کی تیاری کررہی ہے جہاں اس نے چمپئنز ٹرافی کا خطاب جیتا تھا۔ اس بار ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ اس کے لیے سوریاکماریادو کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم 3 سے 4 دن تک کیمپ لگا کر پریکٹس کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ ایشیا کپ کے لیے ٹیم کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ 9 مارچ 2025 کو ٹیم انڈیا نے دبئی میں نیوزی لینڈ کو شکست دی اور چمپئنز ٹرافی کا خطاب جیتا۔ اس بار ہندوستانی ٹیم ایشیاکپ ٹرافی کے دفاع کے لیے ایک بار پھر دبئی جانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ سوریاکمار یادو (شمولیت فٹنس سے مشروط تھی) کی قیادت میں ٹیم ایشیا کپ کی تیاری کے لیے دبئی میں 3 سے 4 روزہ کیمپ لگائے گی۔ ٹیم انڈیا کے پہلے دو میچ دبئی میں ہی ہیں۔ چمپئنز ٹرافی کے بعد سے ٹیم انڈیا کے کسی کھلاڑی نے سفید گیند کا میچ نہیں کھیلا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریزکے بعد ٹیم انڈیا کو ایشیا کپ سے پہلے ایک ماہ کا وقفہ ملا ہے۔ اب سوریا کمار یادو اور ان کی ٹیم جلد ہی دبئی میں پریکٹس کے لیے روانہ ہوگی۔ ایشیا کپ سے قبل ہندوستانی ٹیم دبئی جائے گی۔ رپورٹس کے مطابق ٹیم انڈیا مارچ کے بعد پہلی بار نیلی جرسی میں 10ستمبر کو میدان میں اترے گی۔اس سے پہلے بی سی سی آئی دبئی میں یو اے ای کے ماحول سے ہم آہنگ ہونے کے لیے کیمپ لگانے جا رہی ہے۔ ٹیم انڈیا کے کھلاڑی اس میں پریکٹس کریں گے۔ پہلے یہ کیمپ بی سی سی آئی کے سینٹر آف ایکسی لینس میں منعقد ہونا تھا لیکن ٹیم نے کیمپ دبئی میں منعقد کرنے کی خواہش ظاہرکی۔ اس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق ایشیا کپ شروع ہونے سے تین چار دن قبل ٹیم انڈیا دبئی جائے گی۔ سوریاکمار یادو اور ابھیشیک شرما آئی پی ایل 2025 کے بعد میدان سے دور ہیں، ان کھلاڑیوں کو پریکٹس کی بہت ضرورت ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے علاوہ پاکستانی ٹیم بھی تیاری کیلئے کیمپ کا انعقاد عمل میں لائے گی ۔ پاکستانی ٹیم نے بھی ایشیا کپ کے لیے تیاریاں کر لی ہیں۔ بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیزکے خلاف سیریز کھیلنے کے بعد پاکستان 22 اگست سے آئی سی سی اکیڈمی میں کیمپ لگانے جا رہا ہے، یہی نہیں پاکستانی ٹیم ایشیا کپ سے قبل یو اے ای اور افغانستان کے خلاف سہ رخی سیریز بھی کھیلے گی۔