ہندوستانی ٹیم ہاکی جونیئر ورلڈ کپ کیلئے کوالالمپور کو روانہ

   

بنگلورو: ملیشیا کے کوالالمپور میں 5دسمبر سے شروع ہونے والے ایف آئی ایچ ہاکی مردوں کے جونیئر ورلڈ کپ 2023 میں شرکت کیلئے ہندوستانی ٹیم ہفتہ کو کیمپے گوڑا بین الاقوامی ہوائی اڈے سے روانہ ہوگئی۔ ہندوستان 2021میں بھونیشور میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے آخری ایڈیشن میں فرانس سے ہارنے کے بعد چوتھے نمبر پر رہا تھا۔ ہندوستان کواسپین، کوریا اور کناڈا کے ساتھ پول سی میں رکھا گیا ہے ، جبکہ دفاعی چمپئن ارجنٹینا کو چلی، آسٹریلیا اور میزبان ملیشیا کے ساتھ پول اے میں رکھا گیا ہے ۔ پول بی میں جرمنی، فرانس، جنوبی افریقہ اور مصر کو رکھا گیا ہے جب کہ پول ڈی میں نیدرلینڈ، نیوزی لینڈ، بلجیم اور پاکستان کے درمیان مسابقت ہوگی۔ ہندوستانی ٹیم 5دسمبر کو کوریا کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی۔ ان کا اگلا میچ 7 دسمبر کو اسپین کے خلاف اور آخری پول میچ 9 دسمبر کو کناڈا کے خلاف ہو گا۔ کوارٹر فائنل میں داخلہ یقینی بنانے کیلئے ہندوستان کو پول سی میں ٹاپ دو میں رہنا ہوگا۔ ہندوستانی کپتان اتم سنگھ نے ملیشیا جانے سے پہلے کہا کہ پچھلی بار ہمیں فرانس سے شکست کے بعد چوتھے مقام پر اکتفا کرنا پڑا تھا لیکن اس بار ٹیم پہلے سے زیادہ مضبوط ہے ۔ ہم میدان میں اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے اور امید ہے کہ ہندوستان تمغہ واپس لائے گا۔ نائب کپتان ارجیت سنگھ ہندل نے کپتان کے خیالات کی دہراتے ہوئے کہاکہ پچھلے ورلڈ کپ کے بعد سے ٹیم میں کافی بہتری آئی ہے ۔ ہم نے سلطان آف جوہر کپ 2022 اور مینزجونیئر ایشیا کپ جیتا اور حال ہی میں سلطان جوہر کپ 2023 میں تیسرے نمبر پر رہے ۔ ہم جانتے ہیں کہ ہم ایف آئی ایچ ہاکی مینز جونیئر ورلڈ کپ 2023 جیتنے کے اہل ہیں، یہ وقت آنے پر اپنی صلاحیتوں کے مطابق بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی بات ہے۔ ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف ہندوستانی ٹیم کو غیر متوقع حالات کی وجہ سے ٹیم کمپوزیشن میں غیر متوقع تبدیلیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ شروع میں 18رکنی ٹیم کا حصہ رہے شاردانند تیواری کو بیماری کی وجہ سے دستبردار ہونا پڑا اور ان کی جگہ سکھوندر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔