ہندوستانی ٹی 20 ٹیم کا اعلان، دھون کے مقام پر سنجو کی شمولیت

   

نئی دہلی ۔27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کے خلاف مجوزہ ٹی 20 سیریز کیلئے اوپنر شکھر دھون کو ہندوستانی معلنہ ٹیم میں شامل نہیں کیاگیاہے چونکہ وہ گھٹنے کی تکلیف میں متبلاء ہیں ۔ دھون کے مقام پر نوجوان سنجو سیمسن کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی نے جاری بیان میں کہا دھون کے پیر میں چوٹ لگی ہے اور ان کو ٹانکے لگے ہیں اور وہ اس سے ابھی ٹھیک نہیں ہوئے ہیں۔ ان کی چوٹ کو ٹھیک ہونے میں ابھی وقت لگے گا۔ دھون کی غیر موجودگی میں ممکن ہے کہ ہندوستان لوکیش راہول کو روہت شرما کے ساتھ اوپنگ میں اتارے ۔راہول کا کرناٹک کے لیے مشتاق علی ٹروفی میں اچھی کارکردگی رہی ہے اور چھ اننگز میں انہوں نے 145.16 کے اسٹرائک ریٹ سے 225 رن بنائے ہیں۔ انہوں نے پنجاب کے خلاف84 رنز کی بڑی اننگز کھیلی تھی۔سنجو نے مشتاق علی میں اپنی ٹیم کیرالہ کی جانب سے چھ میچ کھیلے ہیں لیکن ان کی گھریلو ٹورنمنٹ میں کارکردگی تسلی بخش نہیں رہی اور وہ ایک ہی نصف سنچری اننگزکھیل سکے ہیں۔ اس سے پہلے انہوں نے وجے ہزارے میں ناٹ آوٹ 212 رنزکی ٹورنمنٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلی تھی۔ یہ ان کی لسٹ اے کرکٹ میں پہلی سنچری تھی جس کی بدولت انہیں قومی ٹیم میں واپسی کا موقع ملا ہے ۔ سنجو نے سال2015 میں زمبابوے کی جانب سے ہندوستان کی ٹوئنٹی20 ٹیم میں کھیلا تھا۔ انہیں راجستھان رائلس کے تالے گاؤں میں مقامی کھلاڑیوں کے لئے منعقد کنڈشنگ کیمپ میں حصہ لینا تھا۔ وہ مشتاق علی میں کھیلنے کے بعد اپنے کوچ بیجو جارج کی رہنمائی میں فی الحال ٹریننگ کر رہے ہیں۔ جارج ہندوستانی خاتون ٹیم کے سابق فیلڈنگ کوچ رہے چکے ہیں۔ویسٹ انڈیز کے خلاف ہندوستان ٹی -20 ٹیم اس طرح ہے -وراٹ کوہلی (کپتان)، روہت شرما (نائب کپتان)، لوکیش راہل، شریس ایر، منیش پانڈے ، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، شوم دوبے ، واشنگٹن سندر، رویندر جڈیجہ، یجویندر چہل، کلدیپ یادو، دیپک چاھر، محمد سمیع، بھونیشور کمار، سنجو سیمسن۔
ساہا کے انگلی کی سرجری
وکٹ کیپر ردھمان ساہا کی ممبئی میں انگلی کی سرجری ہوئی ہے۔35 سالہ ساہا نے ہندوستان کے بنگلہ دیش کے خلاف تاریخی گلابی گیند ٹسٹ میں کمال کی وکٹ کیپنگ کی تھی۔ لیکن سیریز کے بعد اسکین میں ان کی بائیں انگلی میں فریکچر کی تصدیق ہوئی ہے ۔ بی سی سی آئی کے مطابق ساہا کی سرجری کامیاب رہی ہے لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ انہیں پوری طرح ٹھیک ہونے میں کتنا وقت لگے گا۔ہندوستانی ٹیم کو فروری میں نیوزی لینڈ کے دورے پر جانا ہے ۔