دبئی ۔ 17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کو متحدہ عرب امارات اور یوروپی یونین کی جانب سے ویزا کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات کے تمام بندرگاہوں کا ویزٹ پرمٹ بھی حاصل ہوگا۔ عہدیداروں کے بموجب جنرل ڈائرکٹریٹ آف ریسیڈنسی اینڈ فارنرس افیرس دبئی نے اپنے ویڈیو ٹوئیٹ میں پیر کے دن کہا کہ چند شرائط کے ساتھ اس سہولت پر عمل آوری کی جائے گی۔ بیان میں کہا گیا ہیکہ داخلہ پرمٹ اس وقت فراہم کیا جائے گا جبکہ اقامتی ویزا برطانیہ یا یوروپی یونین کے ممالک کی جانب سے جاری کیا گیا ہو اور درخواست گذار کا پاسپورٹ 6 ماہ سے کم پرانا نہ ہو۔ ہندوستانی پاسپورٹ رکھنے والے ایک داخلہ پرمٹ 100 ریال کی فیس کے بغیر صرف 20 ریال کی فیس ادا کرکے حاصل کرسکیں گے جو علی الترتیب 1874 روپئے اور 375 روپئے کے مساوی ہوں گے۔ پاسپورٹ ہولڈروں کا داخلہ پرمٹ 14 دن کارآمد ہوگا۔ اس میں پھر ایک بار توسیع کی جاسکے گی۔ تجدید کی فیس 250 ریال وصول کی جائے گی۔ خدمات کی فیس 20 ریال (375 روپئے) ہوگی۔