ہندوستانی کامیابی کی دنیائے کرکٹ میں ستائش

   

لندن : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈری بیٹسمین سچن تنڈولکر ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی لارڈز ٹسٹ میں ہونیوالی کامیابی کی دنیائے کرکٹ میں ستائش کی قیادت کررہے ہیں ۔ سچن نے دوسرے ٹسٹ میں ہندوستان کی کامیابی کو ایک شاندار کامیابی قرار دیا اور کہاکہ اس کامیابی میں ہندوستان کے شاندار بولنگ شعبے نے کلیدی رول ادا کیا ۔ سچن نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹسٹ کرکٹ ہے اور میں نے ہر لمحے سے لطف اُٹھایا ہے ۔ انھوں نے ٹیم کی کامیابی پر کھلاڑیوں کو مبارکباد بھی دی ۔ بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی نے بھی ہندوستانی ٹیم کی کامیابی پر کھلاڑیوں کی ستائش کی ۔ انھوں نے کہا کہ یہ ہندوستان کی ایک شاندار کامیابی ہے ۔ ٹیم کے سابق ٹسٹ بیٹسمین وی وی ایس لکشمن نے لارڈز ٹسٹ میں ہندوستانی ٹیم کی کامیابی کو سنسنی خیز کامیابی قرار دیا ۔ علاوہ ازیں خود انگلش ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے کہا کہ ہندوستان نے آج بتایا کہ وہ انگلینڈ سے بہتر ہے اور یہی ٹسٹ کرکٹ کی خوبصورتی ہے ۔ شین وارن نے بھی ہندوستان کی اس کامیابی کو ایک شاندار کامیابی قرار دیا ۔