ہندوستانی کرکٹ اسٹار محمداظہرالدین جوبلی ہلزعوام کی اولین ترجیح

   

نماز جمعہ کے بعد بزرگوں نے دعاؤں سے نوازا، ایرہ گڈہ اور دیگر علاقوں میں رائے دہندوں سے ملاقات
حیدرآباد ۔17۔نومبر (سیاست نیوز) کانگریس امیدوار محمد اظہرالدین کو جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں دن بہ دن عوامی تائید میں اضافہ ہورہا ہے اور تمام طبقات اس حلقہ سے ایک قابل سیاستداں کو اپنا نمائندہ منتخب کرنے کا عہد کرچکے ہیں۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین جو اپنی مقبولیت کے سبب عوام کے درمیان بہت کم دکھائی دیتے تھے، آج کانگریس پارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے خود عوام کے درمیان پہنچ کر ملاقات کر رہے ہیں۔ عوام بالخصوص نوجوان اظہرالدین کے ساتھ سیلفی لینے کیلئے ہمیشہ خواہشمند رہے ہیں ، آج وہی اظہرالدین ان کے درمیان پہنچ کر نوجوانوں کے دلوں میں جگہ بنارہے ہیں۔ محمد اظہرالدین نے آج مسجد نور ایرہ گڈہ میں نماز جمعہ ادا کی اور مصلیان مسجد سے ملاقات کی۔ مقامی افراد نے اظہرالدین کا شاندار استقبال کیا اور انہیں بھروسہ دلایا کہ 30 نومبر کو کانگریس کے حق میں ووٹ دیتے ہوئے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ سے ہندوستانی کرکٹ کے ایک اسٹار کو اپنا نمائندہ منتخب کریں گے ۔ جوبلی ہلز اپنے نام کی طرح سنجیدہ اور قابل رائے دہندوں پر مشتمل حلقہ ہے اور ہمیشہ اس حلقہ سے ایسے افراد منتخب ہوتے رہے ہیں جو قابلیت اور کارکردگی دونوں اعتبار سے عوام کی توقعات پر پورے نہیں اترے۔ بلا لحاظ مذہب و ملت رائے دہندوں کا یہ احساس ہے کہ اظہرالدین جوبلی ہلز کے لئے ایک موزوں نمائندہ ثابت ہوسکتے ہیں جو بیک وقت غریبوں اور دولتمند افراد دونوں کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں۔ نماز جمعہ کے بعد مقامی افراد نے اظہرالدین کی بکثرت گلپوشی کی اور بزرگوں نے دعاؤں سے نوازا۔ رائے دہندوں کو اس بات کا شدت سے احساس ہے کہ مقامی سیاسی جماعت نے اظہرالدین کی کامیابی روکنے کیلئے ایک مسلم امیدوار میدان میں اتارا ہے۔ رائے دہندوں نے اظہرالدین کو بھروسہ دلایا کہ وہ متحدہ طورپر کانگریس کے حق میں رائے دہی کریں گے اور جوبلی ہلز میں تبدیلی کے ذریعہ قابل اور اہل قیادت کو موقع دیا جائے گا۔

محمد اظہرالدین نے ایرہ گڈہ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں پد یاترا کرتے ہوئے رائے دہندوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے تیقن دیا کہ عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے وہ دن رات مساعی کریں گے اور سلم اور غریب بستیوں میں تعلیم اور صحت کے شعبہ جات میں بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔