ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لباس پر بھی زعفرانی رنگ؟

   

لندن ۔20 جون (سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی ورلڈ کپ کے سلسلے میں ہونے والے ہندوستان بمقابلہ انگلینڈ میچ کے دوران ہندوستانی کھلاڑی نیلے رنگ کے بجائے زعفرانی رنگ کی جرسیاں استعمال کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق 30 جون کو برمنگھم کے ایجبسٹن گراونڈ میں ہونے والے ہند۔ انگلینڈ میچ کے دوران ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑی زعفرانی رنگ کی جرسیاں پہنیں گے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم اپنی پرانی نیلے رنگ کی کٹ میں ہی کھیلتی نظر آئے گی۔ آئی سی سی ایونٹس کے ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے سبھی مقابلوں میں حصہ لینے والی ٹیموں کے لیے 2 رنگ کی کٹس دینا ضروری ہوتا ہے جبکہ میزبان ٹیم ایک ہی کٹ میں پورا ایونٹ کھیلتی ہے۔ آئی سی سی ورلڈکپ 2019 کی میزبانی کرنے والی انگلش ٹیم نیلے رنگ کی کٹ میں ہی سبھی میچز میں حصہ لے گی جبکہ باقی تمام ٹیمیں 2 سے 3 رنگ کی کٹس استعمال کر سکتی ہیں۔ یاد رہیکہ2 جون کو ورلڈ کپ میچ میں جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کے خلاف ہرے رنگ کے بجائے پیلے رنگ کی شرٹس کا استعمال کیا تھا جبکہ بنگلہ دیش نے اس میچ میں لال رنگ کا لباس استعمال کیا تھا ۔ اسی سلسلے میں افغانستان کرکٹ بورڈ نے بھی گزشتہ ماہ 3 مختلف رنگوں کے لباس ٹوئٹر پر شائع کی تھیں۔ یاد رہے کہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں کون کون سی ٹیمیں پہنچ سکتی ہیں اس کا اندازہ ہونے لگا ہے اور ہندوستانی ٹیم بھی سیمی فائنل کی جانب مضبوطی سے قدم بڑھا رہی ہے۔ ٹیم نے ابھی تک کھیلے چار میچوں میں سے تین میں جیت درج کی ہے جبکہ ایک میچ بارش کی وجہ سے نہیں ہوسکا تھا۔ یہ مقابلہ نیوزی لینڈ کے خلاف تھا۔ ہندوستانی ٹیم کو اب اتوار 22 جون کو افغانستان کے خلاف میدان پر اترنا ہے جبکہ 27 جون کو ویسٹ انڈیز اور 30 جون کو انگلینڈ سے اس کا مقابلہ ہونے والا ہے۔ لیکن ان سبھی میں انگلینڈ کے خلاف ہونے والا مقابلہ انتہائی خاص اور الگ ہے۔حالانکہ ہندوستانی ٹیم کی کٹ اسپانسپر کمپنی نائک نے اس سلسلہ میں ابھی تک خاموشی اختیار کر رکھی ہے کہ ٹیم کی جرسی کا رنگ کیا ہوگا۔