پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف ٹیم انڈیا کے کئی سینئر کھلاڑیوں نے محاذ کھول رکھا ہے ۔ ہندوستانی تیز گیند باز محمد سمیع ، ہربھجن سنگھ اور سابق کپتان اظہر الدین نے ٹویٹر پر عمران خان کے خلاف ٹویٹ کیا ہے ۔ ان سبھی کرکٹ کھلاڑیوں نے عمران خان کو نفرت پھیلانے والا قرار دیا ہے ۔ خیال رہے کہ پاکستانی وزیر اعظم نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران ہندوستان کو جوہری جنگ کی دھمکی دی تھی ۔
محمد سمیع نے عمران خان کے خلاف ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ مہاتما گاندھی نے اپنی زندگی محبت ، بھائی چارہ اور امن کے پیغام کو پھیلانے میں گزاری وہیں عمران خان نے اقوام متحدہ پوڈیم سے دھمکیاں دیں اور نفرت پھیلائی ۔ پاکستان کو ایسے لیڈر کی ضرورت ہے جو ترقی ، نوکری اور اقتصادی ترقی کی بات کرے نہ کہ جنگ اور دہشت گردی کو پناہ دے۔
ہربھجن سنگھ نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اقوام متحدہ میں تقریر کے دوران ہندوستان کو ممکنہ جوہری جنگ کا اشارہ دیا گیا ۔ ایک بڑے کھلاڑی کے طور پر عمران خان کے لفظ دونوں ممالک کے درمیان صرف نفرت پھیلائیں گے ۔ ایک ساتھی کھلاڑی کے طور پر مجھے انسے امید ہے کہ وہ امن کو فروغ دیں گے۔
ہندوستان کے سابق کپتان اظہرالدین نے بھی عمران خان کو ان کی تقریر کیلئے تنقید کا نشانہ بنایا ۔ اظہر الدین نے ٹویٹ کیا کہ اقوام متحدہ میں جس عمران خان نے تقریر کی ہم نہیں جانتے ہیں ۔ کسی کھلاڑی سے اس کی امید کم تھی ، میں نے سچ میں سوچا تھا کہ آپ تبدیلی لائیں گے اور پاکستان کو دہشت گردوں سے پاک بنائیں گے۔
خیال رہے کہ سب سے پہلے عمران خان کے خلاف گوتم گمبھیر نے ٹویٹ کیا تھا ۔ انہوں نے عمران خان کو دہشت گردوں کا رول ماڈل بتایا تھا۔ گمبھیر نے ٹویٹ کیا تھا کہ ایک کھلاڑی کو رول ماڈل مانا جاتا ہے … اچھے سلوک کا ، اخلاقیات کا ، کیریکٹر کی مضبوطی کا ۔ حال ہی میں ہم نے ایک سابق کھلاڑی کو بھی بولتے دیکھا ۔ دہشت گردوں کے رول ماڈل کے طور پر ۔ عمران خان کو کھیل برادری سے نکال دیا جانا چاہئے۔