محض 5 بڑے شہری مراکز ممبئی ، دہلی ، احمد آباد ، چینائی اور پونے میں 50 فیصد کیس
نئی دہلی، 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں کورونا وائرس کا قہر عروج پر ہے اور اب یہ کورونا وبا کے سب سے زائد تعداد والے ممالک کی فہرست میں 11 ویں مقام کے ساتھ ہی عالمی وبا کے مرکز چین سے آگے نکل گیا ۔ گزشتہ24 گھنٹوں میں کورونا کے 3970 نئے کیسیس سامنے آنے سے متاثرین کی تعداد 90 ہزار سے آگے ہو گئی اور اسی دوران103 افراد کی موت کے ساتھ متوفیوں کی تعداد 2752 تک پہنچ گئی ہے ۔کئی بڑے شہری مراکز کورونا کیسوں کی آماجگاہ بن چکے ہیں اور وہاں سے بڑی تعداد میں مریض نمودار ہورہے ہیں ۔ محض 5 شہروں ممبئی ، دہلی ، احمد آباد ، چینائی اور پونے میں ملک کے جملہ مریضوں کا 50 فیصد حصہ موجود ہے ۔ مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے آج صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اب تک 90 ہزار سے زیادہ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 2752 افراد فوت ہوئے ہیں ۔جبکہ 30153 مریض مکمل طور صحت یاب ہوئے ہیں اور انہیں مختلف اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے ۔چین میں صوبہ ہوبئی کے ووہان میں دسمبر2019 کے وسط میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا اور اس نے اب تک دنیا بھر کے کئی ممالک کو اپنی گرفت میں لے لیا ہے ۔ چین میں اب تک 84,038افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں اور 4637افراد فوت ہوگئے ۔
مہاراشٹر اورٹاملناڈو میں کورونا متاثرین کی زیادہ تعداد
٭٭ عالمی وبا کورونا وائرس مہاراشٹر اور ٹاملناڈومیں کافی تیزی سے پھیل رہا ہے اور ان دونوں ریاستوں میں متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ ترتیب وار 29100اور 10108ہو گئی ہے اور مجموعی طور پر139 افراد فوت ہو چکے ہیں ۔مرکزی وزارت صحت کے آج جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق ملک میں کورونا سے اب تک 90 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں اور 2752 افراد فوت ہوئے ہیں ، وہیں 30153 افراد اس جان لیوا وائرس سے شفایاب بھی ہوئے ہیں ۔