نئی دہلی ۔ آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ کے اس دعوے کے ایک دن بعد ہی بی سی سی آئی کے سیکریٹری جئے شاہ نے براہ راست پونٹنگ کا نام نہیں لیا اور نہ ہی انہیں جھوٹا کہا، لیکن میڈیا کو دیے گئے ایک بیان میں شاہ نے کہا کہ نہ تو بی سی سی آئی نے اور نہ ہی انہوں نے خود کسی سابق آسٹریلیائی کرکٹر سے ٹیم انڈیا کا کوچ بننے کے لیے رابطہ کیا۔ شاہ نے کہا کہ میڈیا میں ایسی جو بھی خبریں پھیلائی گئیں وہ بالکل غلط تھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ کی تلاش ایک تفصیلی اور قطعی عمل ہے۔ جئے شاہ نے یہ بھی بتایا کہ کس طرح اس شخص کو ٹیم انڈیا کا کوچ بنایا جائے گا۔ بی سی سی آئی سکریٹری نے کہا کہ بورڈ ایسے شخص کو کوچ مقررکرنا چاہتا ہے، جو ہندوستانی کرکٹ کی گہری سمجھ رکھتا ہو اور مختلف سطحوں سے اوپر آیا ہو۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ہندوستانی ٹیم کا کوچ بننے کے لیے ہندوستانی ڈومیسٹک کرکٹ کی سمجھ اور علم ہونا ضروری ہے۔ بورڈ کی سوچ کو واضح کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ ٹیم انڈیا کی سطح کو مزید بلند کرنا سب سے اہم ہے۔