ہندوستانی کپتان روہت کی10سال بعد رانجی میں واپسی

   

پنت،جڈیجہ ، گل اور جیسوال پر نظریں

نئی دہلی : رانجی ٹرافی کا دوسرا راؤنڈ 23 جنوری کو شروع ہونے جا رہا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب رانجی ٹرافی دو حصوں میں کھیلی جا رہی ہے۔ رانجی ٹرافی کے پہلے راؤنڈ میں تمام ٹیموں نے پانچ پانچ میچ کھیلے۔ اب دوسرے راؤنڈ میں ہر ٹیم فی کس2 میچ کھیلے گی۔ اس دوران ٹیم انڈیا کے11کھلاڑی اپنی اپنی ٹیموں کے لیے کھیلتے نظر آئیں گے۔ درحقیقت آسٹریلیا کے مایوس کن دورے کے بعد بی سی سی آئی نے سخت رویہ اپنایا ہے اور کسی بھی کھلاڑی کے فٹ ہونے پر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا لازمی قراردیا ہے۔ اسی وجہ سے ٹیم انڈیا کے کئی بڑے کھلاڑیوں نے 23 جنوری سے شروع ہونے والے میچوں میں کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں 11 بڑے کھلاڑیوں کے نام شامل ہیں۔ ممبئی کو اگلے میچ میں جموں وکشمیر سے سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا جو اس وقت ایلیٹ گروپ اے میں دوسرے نمبر پر ہے۔ روہت شرما اس میچ میں کھیلتے نظر آئیں گے جو ان کا 10 سال بعد پہلا رانجی میچ ہوگا۔ تاہم روہت اجنکیا رہانے کی کپتانی میں کھیلیں گے۔ یشسوی جیسوال بھی اس میچ میں اتریں گے، جو روہت کے ساتھ اوپننگ کر سکتے ہیں۔ اس میچ کے لیے ممبئی کی ٹیم میں شریاس ایئر، شیوم دوبے اور شاردول ٹھاکر جیسے اسٹارکھلاڑی بھی شامل ہیں۔ راجکوٹ میں دہلی کا مقابلہ دو بارکے فاتح سوراشٹر سے ہوگا، جس میں ریشبھ پنت دہلی کی ٹیم کے لیے کھیلتے نظر آئیں گے۔ ان کا مقابلہ رویندر جڈیجہ سے ہوگا، جو سوراشٹراکی ٹیم کا حصہ ہیں۔ اس میچ میں چیتشور پجارا اور نودیپ سینی بھی نظر آئیں گے۔ دونوں ٹیموں کے لیے گروپ ڈی کا یہ میچ جیتنا بہت ضروری ہے۔ اس وقت دہلی چوتھے اور سوراشٹر پانچویں نمبر پر ہے۔ اس گروپ میں تمل ناڈو اور چندی گڑھ پہلے دو مقامات پر ہیں۔ ہندوستانی ونڈے ٹیم کے نائب کپتان شبمن گل بھی اس بار رانجی کھیلنے جا رہے ہیں۔ وہ پنجاب کی ٹیم کا حصہ ہیں۔ پنجاب نے گروپ سی میں اب تک پانچ میچوں میں صرف ایک جیت حاصل کی ہے اور وہ پانچویں نمبر پر ہے۔ ان حالات میں سب کی نظریں شبمن گل پر ہوں گی۔ ان کی ٹیم بنگلورو کے چناسوامی اسٹیڈیم میں کرناٹک کا مقابلہ کرے گی۔ اس میچ میں پنجاب کو ابھیشیک شرما اور ارشدیپ سنگھ کی کمی محسوس ہوگی جو انگلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے ٹیم انڈیا میں شامل ہیں۔ دوسری طرف کرناٹک کو دیودت پاڈیکل اور پرسد کرشنا کی واپسی سے طاقت ملے گی۔علاوہ ازیں ہندوستانی ٹیم سے باہر ہوئے محمد سراج بھی رانجی میچ سے فام میں واپسی کیلئے کوشاں ہوں گے ۔