ہندوستانی کھلاڑیوں کی کوچ سے کشتی ، ویڈیو وائرل

   

برمنگھم ۔ 28جون (ایجنسیز) ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹسٹ میچ کی تیاریاں تیز ہوگئی ہیں۔ یہ اہم میچ 2 تا 6 جولائی برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنے والی ہندوستانی ٹیم کی نظریں واپسی پر ہیں۔ اس کے لیے ٹیم کے کھلاڑی بھرپور محنت کر رہے ہیں لیکن ان تیاریوں کے درمیان ایک ہلکے پھلکے اور مضحکہ خیز واقعہ نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے جہاں ٹیم کے دو کھلاڑی اپنے ہی کوچ کے ساتھ کشتی کرتے نظر آئے جس کا ویڈیو مداحوں میں مقبول ہوگیا۔ پریکٹس سیشن کے دوران ایک انوکھا منظر دیکھنے کو ملا جب فاسٹ بولرارشدیپ سنگھ اورآکاش دیپ نے ٹیم انڈیا کے بولنگ کوچ مورنے مورکل کے ساتھ کشتی لڑی۔ تاہم یہ کوئی سنجیدہ کشتی نہیں تھا بلکہ کھلاڑیوں اورکوچ کے درمیان باہمی دوستی اور تفریح کا حصہ تھا۔