ہندوستانی ہاکی ٹیم نے اولمپک ٹسٹ سیریز جیت لی

   

ٹوکیو ۔21 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ہاکی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو نہ صرف 5-0 سے شکست دیتے ہوئے راؤنڈ رابن میں ہوئی ناکامی کا حساب برابر کرلیا بلکہ اولمپک ٹسٹ ایونٹ بھی اپنے نام کرلیا ۔ کپتان ہرمن پریت سنگھ نے مقابلے کے آغاز پر ساتویں منٹ میں گول کرتے ہوئے میچ کا ہندوستان کے لئے شاندار آغاز کیا ۔ بعد ازاں کپتان نے جو پنالٹی ملی اُس کو ضائع کئے بنا سبقت کو فوری طورپر مستحکم کیا ۔ پہلے کوارٹر کے اختتام پر ہندوستان کو 1-0 کی اہم سبقت حاصل تھی جس کے بعد 18 ویں منٹ میں شمشیر نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے دوسرا گول بنایا ۔ اس دوران نیوزی لینڈ کو صرف دو مرتبہ سرکل میں داخل ہونے کا موقع ملا لیکن اس دوران ہندوستانی ٹیم نے مزید تین گول کرتے ہوئے کامیابی پر اپنی مہر ثبت کی ۔ ہندوستان کے لئے بائیسویں منٹ میں تیسرا گول نیلا کنٹھا نے کیا جس کے بعد گُر صاحب جیت اور مندیپ نے تھوڑے سے وقفہ میں مزید دو گول کئے ۔ تیسرے کوارٹر میں نیوزی لینڈ نے مقابلے میں واپسی کی نہ صرف بہتر کوشش کی بلکہ 37 ویں منٹ میں اس نے گول بنانے کا ایک موقع بھی حاصل کرلیا تھالیکن گیند جال سے دور چلی گئی جس کے بعد جرمن پریت سنگھ نے حریف ٹیم کے پنالٹی کارنر کو ناکام بنایا ۔ مقابلے کے آخری کوارٹر میں جب ہندوستان کو ایک بہتر سبقت حاصل ہوچکی تھی تو اس نے اپنے ڈیفنس کو مستحکم کرنے پر توجہ مرکوز کی کیونکہ اس سے پہلے ہی اپنی جارحانہ طرز رسائی کا ثمرآور نتیجہ مل چکا تھا۔ کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے کپتان ہرمن پریت نے کہاکہ ہم نے ایک شاندار کھیل کھیلا جیسا کہ جہاں بھی گول کرنے کا موقع ملا اس کا ہم نے فائدہ اُٹھایا نیز راؤنڈ رابن مرحلے پر نیوزی لینڈ کے خلاف 1-2 کی ناکامی سے بھی اس کامیابی کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے ۔