نئی دہلی : ارجنٹیناکے خلاف ہاکی پرو لیگ مقابلوں کیلئے ہندوستانی ہاکی ٹیم کا قومی کیمپ بنگلور کے سائی سنٹر پر کل سے شروع ہوگا جس میں مذکورہ ٹور کیلئے معلنہ 33 کھلاڑی شرکت کریں گے جبکہ ہندوستانی ٹیم یادگار یوروپی دورہ سے واپس ہوئی ہے۔ 18 روزہ یہ کیمپ 31 مارچ کو ختم ہوگا جس کے بعد ہندوستانی ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ جو کہ ارجنٹینا کے خلاف بیونس آئرس روانہ ہوگی۔ رواں برس اپنے پہلے دورہ پر ہندوستانی ہاکی ٹیم نے پی آر سری جیش کی قیادت میں جرمنی کے خلاف 6-1 کی کامیابی اور 1-1 کا ڈرا مقابلہ کھیلنے کے بعد برطانیہ کے خلاف 1-1 سے ڈرا اور 3-2 کی کامیابی حاصل کی ہے۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو تین دن کا وقفہ دیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے افراد خاندان سے ملاقات کرسکیں جس کے بعد انہیں ہفتہ کو دوبارہ کیمپ میں طلب کرلیا گیا ہے۔ ہاکی انڈیا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ٹیم کے کوچ گرام ریڈ نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو افراد خاندان سے ملاقات کیلئے تین دن کا جو وقفہ دیا گیا ہے ، وہ ضروری ہے کیونکہ وہ اس کے ذریعہ ذہنی طور پر تازہ دم ہوسکے۔ ہندوستانی ٹیم نے ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میں تاحال 6 مقابلے کھیلے ہیں، جس کی بدولت اس نے ٹیموں کے جدول میں پانچواں مقام حاصل کیا ہے جبکہ اس سے آگے سرفہرست بلجیم ہے جس کے بعد نیدرلینڈ ، آسٹریلیا اور جرمنی کا مقام ہے۔ ہندوستانی ٹیم اپریل میں اپنی مہم کا دوبارہ آغاز کرے گی ۔