ہندوستان۔جاپان تعاون کی ضرورت پر تبادلہ خیال

   

وزیر خارجہ جے شنکر کا ہندوستان۔ جاپان فورم میں دوطرفہ تعلقات اور عالمی منظرنامے پر گفتگو

نئی دہلی، 7 دسمبر (آئی اے این ایس ) ہندوستانی وزیر خارجہ ایس۔ جے شنکر نے یہاں اتوارکو ہندوستان ۔جاپان فورم کے افتتاحی سیشن میں عالمی منظرنامے میں تبدیلیوں اور ہندوستان۔ جاپان تعاون کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا۔ جے شنکر نے ایکس پر کہا نئی دہلی میں انڈیا جاپان فورم کے افتتاحی سیشن میں شرکت پر خوش ہوں۔ عالمی منظرنامے میں تبدیلیوں اور ہندوستان۔ جاپان تعاون کی ضرورت پر بات کی۔ایک سرکاری بیان کے مطابق، ہندوستان۔ جاپان فورم ہندوستانی اور جاپانی رہنماؤں کو دوطرفہ اور اسٹریٹجک شراکت داری کے مستقبل کی تشکیل کے لیے تبادلہ خیال اور تعاون کا پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ آننتا سینٹر اور وزارت خارجہ نے اس فورم کا انعقاد کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا فورم کا مقصد تعاون کو مضبوط بنانا، مواقع سے فائدہ اٹھانا، خیالات کا تبادلہ، باہمی اعتماد قائم کرنا اور مستقبل کے تعاون کے لیے مشترکہ ایجنڈا تیارکرنا ہے۔ جمعہ کو ہندوستان کی جاپان کے لیے نامزد سفیر، نگمہ ایم۔ ملک نے جاپان کے وزیر ماحولیات، ایشیہارا ہیروتاکا سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مواقع پر بات چیت کی تھی۔ 23 نومبرکو وزیراعظم نریندر مودی نے جوہانسبرگ میں جی20 اجلاس کے دوران اپنی جاپانی ہم منصب، سناے تاکائیچی سے دوطرفہ ملاقات کی اور جدت، دفاع اور ٹیلنٹ مووبیلیٹی جیسے شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ 27 اکتوبر کو، وزیر خارجہ جے شنکر نے ملائیشیا کے کوالالمپور میں منعقدہ ایشیان سمٹ کے دوران اپنے جاپانی ہم منصب موتیگی توشی میتسو سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا اور ہندوستان۔ جاپان تعاون کے آئندہ دہائی کے مشترکہ وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے قریبی کام کرنے پر اتفاق کیا۔وزارت کے مطابق، ہندوستان۔ جاپان تعلقات کو 2000 میں ‘گلوبل پارٹنرشپ’، 2006 میں ‘اسٹریٹجک اینڈ گلوبل پارٹنرشپ اور 2014 میں اسپیشل اسٹریٹجک اینڈ گلوبل پارٹنرشپ کا درجہ دیا گیا۔ دفاع اور سکیورٹی شراکت داری ہندوستان۔ جاپان تعلقات کا ایک اہم ستون ہے۔ حالیہ برسوں میں دفاعی تبادلے مضبوط ہوئے ہیں کیونکہ اسٹریٹجک امور پر مشترکہ سوچ بڑھ رہی ہے اور ان کی اہمیت بڑھ رہی ہے کیونکہ دونوں ممالک کے نقطہ نظر امن، سکیورٹی اوردیگر معاملات مشترک ہیں۔