ہندوستان۔نیدرلینڈ زراعت،آبی انتظام، صحت کے شعبوں میں تکنیکی تعاون میں اضافہ کریں گے

   

نئی دہلی، 15 اکتوبر (یو این آئی)ہندوستان اور نیدرلینڈ کے درمیان سائنس اور تکنالوجی میں تعاون میں اضافہ کے لئے دو روزہ تکنالوجی کانفرنس منگل سے قومی راجدھانی دہلی میں شروع ہوئی جس میں زراعت، آبی انتظام اور صحت کا شعبہ اس کانفرنس کا خصوصی موضوع ہے ۔نیدرلنڈ کے کنگ ولیم الیکزینڈر نے سائنس اور ٹکنالوجی کے شعبوں اور کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کے ذریعہ مشترکہ طور سے منعقد کانفرنس کے افتتاح کے موقع پر سائنس کے شعبہ میں تیزی سے ترقی کے لئے ہندوستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ توانائی سے بھرپور ہے اور اطلاعاتی تکنالوجی اور تحقیق کے شعبہ میں وہ دنیا کی قیادت کرنے والے ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہوچکا ہے ۔نیدرلینڈ کی ملکہ کوئن میکسیما اور مرکزی سائنس اور تکنالوجی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن کی موجودگی میں مسٹر الیکزینڈر نے کہا کہ نیدرلینڈ میں کئی ہندوستانی سائنس داں، آئی ٹی پروفیسر اور ماہرین کام کرتے ہیں اور کئی طالب علم وہاں زیر تعلیم ہیں۔