ہندوستان ، آسٹریلیا کیخلاف سیریز پر فتح کی تاریخ بنانے کے راستہ پر گامزن

   

آسٹریلیا فالو آن پر مجبور ، چوتھے دن خراب موسم کے سبب کھیل متاثر ، مہمانوں کی جیت محض رسمی ضابطہ

سڈنی۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سڈنی کے میدان پر خراب موسم نے ہندوستان کو چوتھے ٹسٹ میں عظیم الشان فتح سے آج اگرچہ روک تو دیا ہے لیکن وہ (ہندوستانی) اپنے میزبانوں کو فالو آن پر مجبور کرتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف اپنی پہلی سیریز فتح حاصل کرنے کے راستہ پر ثابت قدمی کے ساتھ بدستور گامزن ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان 1948ء سے باہمی کرکٹ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے لالہ امرناتھ کی قیادت میں پہلی مرتبہ ڈان براڈمین کے قیادت میں آسٹریلین ڈاؤن انڈر ٹسٹ کھیلا تھا اور ان کھیلوں کی 21 سالہ تاریخ میں ہندوستان کو تاحال سیریز فتح حاصل نہیں ہوسکی۔ چوتھے اور آخری ٹسٹ میچ کے چوتھے دن خراب موسم، بارش اور ناکافی روشنی کے سبب کھیل بری طرح متاثر ہوا۔ صرف 25.2 اوور کے بعد کھیل روک دیا گیا۔ فالو آن میں 4 اوور کے باوجود آسٹریلیا کا اسکور 6-0 رہا۔ کلدیپ یادو نے اپنے پہلے ڈاؤن انڈر ٹسٹ میں ہی شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے 99 رنز کے عوض 5 وکٹس حاصل کرتے ہوئے پہلی اننگز میزبانوں کو 300 رنز پر آؤٹ کرتے ہوئے فالو آن کیلئے مجبور کرنے ہندوستانی ٹیم کی مدد کی۔ امپائرس نے دوپہر کا کھیل ختم ہونے کے لئے مقررہ وقت سے 8 منٹ قبل کھلاڑیوں کو میدان سے باہر ہٹا لیا۔ اس وقت مارکوس ہیرس (2) اور عثمان خواجہ (4) پر کھیل رہتے تھے اور آسٹریلیا کی ٹیم 316 رنز کے مجموعی اسکور پر ہندوستان کے 622/7 ڈیکلیر سے بہت پیچھے تھی، لیکن وقفہ کے باوجود بارش اور ناسازگار موسم کے سبب آج کا کھیل دوبارہ شروع نہیں ہوسکا اور مقامی وقت کے مطابق شام 5.20 بجے کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ آسٹریلیا کے خلاف چار میچوں کی سیریز میں 2-1 کی ناقابل تسخیر سبقت حاصل ہے اور آخری میچ پر مہمانوں کا مکمل کنٹرول ہے۔ آسٹریلیا کو 31 سال بعد اپنے گھر میں فالو آن کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ آسٹریلیا کو آخری بار اپنے گھر میں 1988 میں انگلینڈ کے خلاف سڈنی میں ہی فالو آن کے لئے مجبور ہونا پڑا تھا۔ 1988 کے بعد اور موجودہ ٹیسٹ سے پہلے آسٹریلیا نے اپنی زمین پر مسلسل 172 ٹیسٹ بغیر فالو آن کھیلے تھے ۔ہندستان نے آسٹریلیا سے چوتھی بار فالو آن کرایا۔ اس سے پہلے ہندستان نے 1986 میں سڈنی میں نئے سال میں آسٹریلیا کو فالو آن کرایا تھا۔ ہندستان نے اس کے علاوہ 1979-80 کی ہوم سیریز میں آسٹریلیا کو دہلی اور ممبئی میں فالو آن کرایا تھا۔آسٹریلیا نے 1988ء میں آخری مرتبہ اپنی سرزمین پر فالو آن کھیلا تھا۔ہندوستان کو پہلی اننگز میں ملی 322 رنز کی برتری آسٹریلیا کے خلاف اس کی دوسری سب سے بڑی برتری اور آسٹریلیا کی زمین پر سب سے بڑی برتری حاصل ہے ۔کلدیپ نے 31.5 اوور ڈالے اور 99 رن دے کر پانچ وکٹ لئے جو غیر ملکی زمین پر ان کی پہلی خطرناک کارکردگی ہے ۔ کلدیپ نے چھ ٹسٹ میچوں میں دوسری بار اننگز میں پانچ وکٹ لئے ہیں۔ کسی چائنامین بولر کی آسٹریلیا میں یہ دوسری بہترین کارکردگی ہے ۔سمیع نے 58 رن پر دو وکٹ، جڈیجہ نے 73 رن پر دو وکٹ اور بمراہ نے 62 رن پر ایک وکٹ لیا۔ آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں اسٹمپ پر عثمان خواجہ چار اور مارکس ہیرس دو رنز بنا کر کریز پر تھے ۔