ہندوستان آج دوسرے ونڈے میں واپسی کیلئے کوشاں

   

آکلینڈ ۔ 7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بولنگ اور فیلڈنگ میں موجود مسائل پر فوری قابو پاتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کل یہاں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے مقابلہ میں کامیابی کے ذریعہ سیریز میں واپسی کیلئے کوشاں ہوگی جیسا کہ ابتدائی مقابلہ میں ناقص مظاہرہ کی وجہ سے اسے شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹوئنٹی 20 سیریز میں 5-0 کی شاندار کامیابی سے ہندوستانی ٹیم کے حوصلے بلندیوں پر تھے لیکن پہلے ونڈے میں نیوزی لینڈ نے چار وکٹوں کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں کے اعتماد کو دوبارہ زمین پر لا کھڑا کردیا ہے۔ میزبان ٹیم اپنے مستقل کپتان کین ولیمسن کی عدم موجودگی کے باوجود پہلے ونڈے میں اپنی کرکٹ تاریخ کا سب سے بڑا مجموعی اسکور باآسانی حاصل کرتے ہوئے ایک نیا ریکارڈ بنایا ہے۔ سیڈن پارک کے میدان کی باونڈریز مختصر ضرور ہے اور یہاں ٹاس کی کافی اہمیت رہے گی جیسا کہ نشانہ کا تعاقب کرنے والی ٹیم کو یہاں فائدہ رہے گا۔ سیڈن پارک میں منعقدہ دو ٹوئنٹی 20 مقابلوں میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بیٹنگ کی تھی لیکن ہندوستانی ٹیم نے جامع انداز میں نشانہ کا تعاقب کیا اور کل کھیلے جانے والے دوسرے ونڈے میں بھی حالات کچھ مختلف نہیں رہیں گے۔ ہندوستانی ٹیم پھر ایک مرتبہ اس موقف میں ہے جو اس کیلئے نیا نہیں کیونکہ ایسے ہی حالات گھریلو سیریز میں ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے خلاف ہوچکے ہیں جہاں اسے ویسٹ انڈیز کے خلاف چینائی میں اور آسٹریلیا کے خلاف ممبئی میں پہلا مقابلہ گنوانا پڑا تھا لیکن پھر اس نے ماباقی دو مقابلوں میں فتوحات میں حاصل کرتے ہوئے سیریز اپنے نام کی تھی۔ ہندوستانی ٹیم کیلئے اس وقت فیلڈنگ کے ناقص مظاہرہ تشویش کا باعث ہیں کیونکہ بنگلہ دیش کے خلاف ہوئی سیریز کے بعد سے اس کا فیلڈنگ معیار ناقص ہوا ہے۔