ہندوستان آج سری لنکاکیخلاف مڈل آرڈر پر توجہ مرکوز کریگا

   

لیڈس ۔ 5 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم سیمی فائنل میں سخت حریف کے خلاف مقابلہ کرنے سے قبل کل یہاں کھیلے جانے والے ٹورنمنٹ کے ایک غیراہم مقابلے میں سری لنکا کے خلاف اپنے مڈل آرڈر مسائل کو حل کرنے پر توجہ مرکوز کرے گا ۔ کل کھیلے جانے والے مقابلے میں سری لنکا ہندوستان کی حریف ضرور ہے لیکن وہ پہلے ہی ٹورنمنٹ سے باہر ہوچکی ہے جبکہ ہندوستان کیلئے یہ مقابلہ اس لئے بھی اہم ہے کہ وہ نہ صرف سیمی فائنل کھیلنے سے پہلے اپنے مسائل پر قابو پاسکے اور واضح فرق کے ساتھ کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹیموں کی درجہ بندی میں پہلا مقام حاصل کرسکے ۔ ہندوستانی ٹیم اگر پہلا مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو اُسے پھر ممکنہ طورپر نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل کھیلنا پڑسکتا ہے ۔ اگر ہندوستانی ٹیم پہلا مقام حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوپاتی ہے تو اُسے پھر خطرناک میزبان انگلینڈ کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ ہندوستانی ٹیم کیلئے روہت شرما نے سب سے زیادہ 544 رنز اسکور کئے ہیں جس میں ورلڈ کپ میں 4 سنچریوں کا ریکارڈ بھی برابر کرلیا ہے جبکہ ان کے ساتھ لوکیش راہول ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کررہے ہیں۔ دنیا کے نمبر ایک بیٹسمین ویراٹ کوہلی نے ٹورنمنٹ میں پانچ نصف سنچریاں اسکور کی ہیں اور 400 سے زائد رنز بھی اسکور کئے ہیں لیکن ورلڈ کپ میں وہ ہنوز اپنی پہلی سنچری بنانے سے محروم ہیں۔ ہندوستانی ٹیم کو ابتدائی تین بیٹسمینوں سے بہتر رنز مل رہے ہیں لیکن مڈل آرڈرس کیلئے مسئلہ بنا ہوا ہے ۔ کل کھیلے جانے والے مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کے ابتدائی تین بیٹسمینوں کو ان فارم بولر لستھ ملنگا کا سامنا رہے گا اور وہ اپنے کیرئیر میں ورلڈ کپ کا آخری مقابلہ کھیلیں گے ۔ ہندوستان کیلئے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کی سست بیٹنگ اور مڈل آرڈر کے ناکام ہونے کا مسئلہ درپیش ہے اور کل بھی درمیانی اوور میں انھیں دھننجیا ڈی سلوا کی اسپین گیندوں کا بھی امتحان دینا ہوسکتا ہے ۔ ورلڈ کپ میں سری لنکائی ٹیم نے حالیہ برسوںکے مایوس کن مظاہروں کے بہ نسبت کسی قدر بہتر مظاہرہ کیا ہے اور وہ کل ہندوستان کے خلاف بھی ورلڈ کپ کا کامیابی کے ساتھ اختتام کرنے کی خواہاں ہوگی ۔