ہندوستان اورآئرلینڈٹی20 میچ

   

مالہائیڈ (آئرلینڈ)۔ ہندوستان کے دوسری قطار کے کھلاڑی بشمول روتوراج گائیکواڈ اور سنجو سیمسن سینئر کرکٹرز کی واپسی سے قبل اتوار کو شروع ہونے والی آئرلینڈ کے خلاف دو میچوں کی ٹی20 سیریز میں خود کو ثابت کرنے کی جستجو میں ہیں۔ مزید موقع ملے گا جس میں ہاردک پانڈیا بھی بین الاقوامی سطح پر اپنی کپتانی کا آغاز کریں گے۔ ریشبھ پنت کی انگلینڈ میں ٹسٹ ٹیم میں شمولیت کے بعد انڈین پریمیئر لیگ میں اپنی کپتانی سے متاثر کرنے والے پانڈیا کو ٹیم کی باگ ڈور سونپی گئی ہے۔ روہت شرما کے آرام اورکے ایل راہول کے زخمی ہونے کے بعد پنت نے جنوبی افریقہ کے خلاف گھریلو ٹی20 سیریز میں ٹیم کی قیادت کی۔ اب ہاردک کو ذمہ داری سونپی گئی ہے اور گجرات ٹائٹنز کے کپتان کی حیثیت سے ان کی شاندار کارکردگی سے ان سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سربراہ وی وی ایس لکشمن اس سیریز میں کوچ کا کردار ادا کر رہے ہیں کیونکہ ہیڈ کوچ راہول ڈراویڈ ٹسٹ ٹیم کے ساتھ انگلینڈ میں ہیں۔ ان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنے سابق ساتھی کی طرح ہی حکمت عملی پر عمل پیرا ہوں گے۔ یہ دونوں میچ اس سال کے آخر میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے بنیادی ڈھانچہ اور اگلے ماہ انگلینڈ کے خلاف تین میچوں کے لیے ٹیم کی تیاری میں مدد کریں گے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں ڈراویڈ نے پہلے دو میچ ہارنے کے باوجود پانچوں میچوں میں ٹیم کو برقرار رکھا۔ پانچواں میچ بارش کی وجہ سے ضائع ہونے کے بعد سیریز 2-2 سے برابر رہی۔ پنت اور شریاس ایرکو ٹسٹ اسکواڈ میں شامل کیے جانے سے سنجو سیمسن اور دیپک ہڈا جیسے کھلاڑیوں کو آئرلینڈ کے خلاف سیریز میں موقع مل سکتا ہے۔ سیمسن کئی مواقع ملنے کے باوجود ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں خود کو قائم نہیں کرسکے اور ایسی صورتحال میں ان کے لیے یہ موقع بہت اہم ہوگا۔ سوریا کمار یادیو جوکلائی کی چوٹ سے واپس آئے ہیں، امکان ہے کہ وہ نمبر 3 یا 4 پر بیٹنگ کریں گے۔ ایشان کشن نے جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جسے وہ جاری رکھنا چاہیں گے لیکن دباؤ اوپننگ پارٹنرگایکواڈ پر ہوگا، جو گزشتہ سیریز میں فاسٹ بولر کے سامنے بے بس نظر آئے تھے۔ ہندوستانی فاسٹ بولر عمران ملک اور یارکر ماہر ارشدیپ سنگھ کو بھی یہاں موقع مل سکتا ہے۔ جہاں تک آئرلینڈ کا تعلق ہے تو ان کے کھلاڑی مضبوط ہندوستان کے خلاف اچھی کارکردگی دکھا کر لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ اسٹیفن ڈوہنی اورکونور اولفرٹ کو پہلی بار اینڈریو بالبرنی کی قیادت میں ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ بلبرنی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ روہت شرما، ویراٹ کوہلی اور جسپریت بمراہ کی غیر موجودگی کے باوجود ہندوستان بہت مضبوط ہے۔(میچ رات 9 بجے شروع ہوگا )