ہندوستان اورپاکستان کا مکمل جنگی بندی پر اتفاق : ڈونالڈ ٹرمپ

,

   

lدونوں ممالک کے اعلیٰ قائدین سے امریکی عہدیداروں کی مشاورت کے بعد فیصلہ
lپیر12مئی کو دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز کی دوبارہ بات چیت ہوگی

نئی دہلی؍واشنگٹن :ہندوستان اور پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے ہفتہ (10 مئی) شام 5 بجے سے زمینی، فضائی اور سمندری طور پر تمام فائرنگ اور فوجی کارروائی روکنے پر اتفاق کیا ہے۔ سیکریٹری خارجہ وکرم مصری نے یہ اعلان کیا ہے۔ سکریٹری خارجہ کا مختصر اعلان امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے کہنے کے فوراً بعد سامنے آیا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان نے امریکہ کی ثالثی میں ہونے والی بات چیت کے بعد مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔ مصری نے کہا کہ پاکستان کے ڈی جی ایم او نے آج سہ پہر 3.35 بجے ہندوستان کے ڈی جی ایم او کو کال کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے درمیان اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ دونوں فریق ہر طرح کی فائرنگ اور فوجی کارروائی کو زمینی، فضائی اور سمندری طور پر روک دیں گے جس پر ہندوستانی معیاری وقت کے مطابق ہفتہ کو 1700 بجے یعنی شام5بجے سے ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مفاہمت کو عملی جامہ پہنانے کیلئے دونوں ممالک کے عہدیداروں کو ہدایات دی گئی ہیں۔ ا س سلسلہ میںڈی جی ایم اوز پیر 12 مئی کو 12 بجے دن دوبارہ بات کریں گے۔ قبل ازیںہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی ختم ہونے کے آثار نمایاں ہوگئے تھے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دونوں ہی ممالک مکمل جنگ بندی پر راضی ہو گئے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ امریکہ کی ثالثی میں چلی طویل بات چیت کے بعد ہندوستان اور پاکستان نے جنگ بندی پر اتفاق ظاہر کیا ہے۔ یہ قدم ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سرحد پر لگاتار ڈرون حملے اور گولی باری سے حالات کشیدہ بنے ہوئے تھے۔ اس کشیدگی نے علاقائی اور عالمی سطح پر فکر میں اضافہ کر دیا تھا۔امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جو پوسٹ کیا ہے اس میں لکھا ہے کہ میں یہ اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں کہ ہندوستان اور پاکستان نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق ظاہر کیا ہے۔ دونوں ممالک کو دانشمندی اور عقلمندی کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد۔امریکہ نے ہندوستان اور پاکستان کے فیصلے کو دونوں ممالک کی ’سمجھداری اور عقلمندی‘ کا نتیجہ بتایا ہے اور دونوں ممالک کو اس فیصلے کیلئے مبارکباد پیش کی ہے۔ ساتھ ہی امید ظاہر کی ہے کہ سرحدوں پر امن بحالی اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے سے متعلق مثبت اقدام کیے جائیں گے۔میڈیا نے اپنی ایک رپورٹ میں امریکی وزیر خارجہ کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور خود انھوں نے ہندوستان و پاکستان کے اعلیٰ افسران کے ساتھ سنجیدہ گفتگو کی ہے۔ اس میں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی، پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف، ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جئے شنکر سمیت دیگر سینئر افسران شامل تھے۔مستند ذرائع کے حوالے سے میڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اچانک جنگ بندی کے اعلان کے پیچھے بڑی سفارتی وجہ ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی مشاورتی مشیر (این ایس اے) اجیت ڈوال اور وزیر خارجہ ایس جئے شنکر گزشتہ کئی دنوں سے اپنے امریکی ہم منصبوں کے ساتھ لگاتار گفتگو میں شامل تھے۔ ان مذاکرات کا مقصد سرحد پر بڑھتی کشیدگی کو ختم کرکے ایک پرامن حل تک پہنچنا تھا۔

جنگ بندی اعلان کے باوجود پاکستان کی خلاف ورزی