دبئی۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )آئی سی سی ٹسٹ رینکنگ میں ہندوستانی ٹیم بدستور پہلے مقام پر موجود ہے جبکہ نیوزی لینڈ،جنوبی افریقہ،انگلینڈ اور آسٹریلیا بالترتیب سرفہرست 5 ٹیموں میں شامل ہیں۔ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کی بیٹنگ میں اور آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کی بولنگ میں سرفہرست مقام پر ہیں جبکہ آل راؤنڈرزکی صف میں ویسٹ انڈیزکپتان جیسن ہولڈرز حکمرانی کر رہے ہیں۔
باکسر میکسم کی فائٹ کے دوران زخمی ہونے پر موت
ماسکو ۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) نوجوان روسی باکسر میکسم دیداشیف دورانِ فائٹ اپنے حریف کی جانب سے سر پر ہوئے تابڑ توڑ حملوں کے باعث شدید زخمی ہو گئے اور دورانِ علاج چل بسے۔ رپورٹس کے مطابق باکسنگ فائٹ کے دوران سبریئل احمد میٹیس میتھیئو نے روسی باکسر میکسم دیداشیف کے سر پر کئی مکے مارے، جس کی وجہ سے ٹرینر نے11ویں راؤنڈ میں فائٹ ختم کرائی، واپس جاتے ہوئے دیداشیف شائقین کے سامنے گرپڑے۔ 28 سالہ میکسم دیداشیف کے سر پرگہری چوٹ آئی تھی ، دماغ میں سوجن کے باعث سرجن نے دائیں جانب کی کھوپڑی کا ایک حصہ کاٹ کر الگ کر دیا تھا۔ میکسم کو یو ایم دواخانہ میں شدید زخمی حالت میں شریک کیا گیا تھا۔
دماغ کی سرجری کے بعد وہ کوما کی حالت میں چلے گئے جس کے بعد زندگی سے جنگ ہار بیٹھے۔