ہندوستان اور آسٹریلیا کاآج پہلا ونڈے،پانڈیا اور راہول باہر

   

سڈنی / نئی دہلی۔ 11 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک ٹی وی شو میں خواتین کے متعلق انتہائی نامناسب تبصرہ کرنے کے معاملے میں پھنسے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا اور اوپنر لوکیش راہول ہفتہ کو آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں ہونے والے پہلے ونڈے سے باہر ہو گئے ہیں۔آسٹریلیا میں تاریخی ٹسٹ سیریز فتح حاصل کرنے کے بعد حوصلے کے ساتویں آسمان پر پہنچی ہندوستانی ٹیم ونڈے سیریز میں بھی کامیابی کیلئے پرعزم ہے۔ بی سی سی آئی کا آپریشن دیکھ رہی منتظمین کی کمیٹی نے ٹی وی شو کا حصہ رہے پانڈیا کے ساتھ ساتھ راہول پر دو ونڈے میچوں کی پابندی لگانے کی سفارش کی تھی ۔ ہندوستانی کپتان کوہلی نے اس معاملے پر کہا کہ یہ پانڈیا اور راہول کے ذاتی خیالات ہیں اور ٹیم کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔ پانڈیا ستمبر میں ایشیا کپ میں لگی چوٹ کے بعد ٹیم سے باہر تھے اور انہیں چوٹ پر قابو پانے کے بعد آخری دو ٹسٹ میچوں کے لئے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن انہیں کوئی ٹسٹ کھیلنے کا موقع نہیں ملا ۔ ہندستان نے ٹسٹ سیریز2-1 سے جیت کر گزشتہ71 سال میں پہلی بار آسٹریلیائی زمین پر ٹسٹ سیریز جیتنے کی تاریخ رقم کی تھی۔ راہول کی ٹسٹ سیریز میں جیسی خراب فارم رہی ہے اسے دیکھتے ہوئے ان کا ویسے بھی الیون میں انتخاب نہیں کیا جانا تھا۔ہندستانی ٹیم کے پاس ونڈے کے لئے اچھی بیٹنگ لائن اپ ہے اور پانڈیا کی جگہ لینے کے لئے آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ موجود ہیں جن کی ٹسٹ سیریز میں قابل ستائش کارکردگی رہی تھی۔ پہلے ونڈے میں سب سے زیادہ نگاہیں وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی پر رہیں گی جنہیں ونڈے ٹیم کے ساتھ ٹوئنٹی20 ٹیم میں بھی شامل کیا گیا ہے ۔ دھونی اپنی بیٹنگ سے مایوس کن دور سے گزر رہے ہیں اور ورلڈ کپ کے لئے انہیں اپنی فارم حاصل کرنی ہے تاکہ وہ اپنے فنشر کے کردار پر پھر سے کھرے اتر سکیں۔ ونڈے ٹیم کے نائب کپتان روہت شرما بھی کہہ چکے ہیں کہ دھونی ورلڈ کپ کے متبادل میں شامل ہیں لیکن سابق ہندوستانی کپتان کو اپنی فارم ثابت کرنی ہوگی ورنہ ناکام رہتے ہی ان پر دوبارہ سوال اٹھنے شروع ہو جائیں گے ۔ ٹیم میں دوسرے وکٹ کیپر دنیش کارتک موجود ہیں جو اگر الیون کا حصہ بناتے ہیں تو وہ خالصتا بیٹسمین کے طور پر کھیلیں گے ۔روہت اور شکھر دھون کی قابل اعتماد جوڑی اننگز کی شروعات کرے گی۔ والد بنے روہت اپنی دوسری اننگز کا آغاز شاندار انداز میں کرنا چاہتے ہیں جبکہ ٹسٹ ٹیم سے نظر انداز رہے دھون اس کی تلافی ونڈے میں کرنا چاہتے ہیں۔ کپتان کوہلی کو ون ڈے میں روکنا آسٹریلیائی بولروں کے لئے سب سے بڑا چیلنج ہوگا۔ کیدار جادھو اور کارتک کو بیٹنگ آرڈر میں آگے اتارا جاسکتاہے جبکہ دھونی چھٹے اور جڈیجہ ساتویں نمبر پر اتریں گے ۔کپتان ایک مرتبہ پھر اسپن کے لئے اپنی کلائی کے دو جادوگروں یجویندر چہل اورکلدیپ یادو پر انحصار کریں گے ۔ اگر جڈیجہ کھیلتے ہیں تو ان میں سے ایک اسپنر کو باہر رہنا پڑ سکتا ہے ۔ فاسٹ بولنگمیں ہندستان کے پاس یارکرمین جسپریت بمراہ کی خدمات نہیں ہوں گی جنہیں فی الحال آرام دیا گیا ہے ۔ بھونیشور کمار، محمد سمیع اور خلیل احمد اتریں گے ۔ بھونیشور کو ٹسٹ سیریز میں موقع نہیں دیا گیا تھا اس لئے وہ کچھ کر دکھانے کیلئے بے چین ہوں گے ۔ خلیل کے لئے بھی ورلڈ کپ کی اپنی دعویداری مضبوط کرنے کا یہ شاندار موقع ہے ۔ خلیل کوآسٹریلیا کی وکٹیں خاص طور پر راس آئیں گی۔ ہندستان سے اپنی زمین پر پہلی بار ٹسٹ سیریز ہارنے کے بعد آسٹریلیائی ٹیم واپسی کرنے کے لئے بے چین ہو گی اور ونڈے سیریز میں اچھا آغاز کرنا چاہے گی۔ ہندستان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک 128 ون ڈے کھیلے گئے ہیں جس میں ہندستان نے 45 جیتے ہیں اور 73 ہارے ہیں۔ہندستان نے آسٹریلیا میں کھیلی پچھلی و ڈے سیریز 1-4 سے گنوائی تھی ۔