ہندوستان اور امریکہ کورونا پر مل کر فتح حاصل کریں گے :مودی

,

   

کلوروکوئین کی امریکہ کو سربراہی پر ڈونالڈ ٹرمپ کا اظہارتشکر ، وزیراعظم کا جوابی ٹوئیٹ

ہندوستان نے پوری انسانیت کی مدد کی ، اس تعاون کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا: ٹرمپ

نئی دہلی، 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ ہندوستان اور امریکہ عالمی وبا کورونا وائرس پر مل کر فتح حاصل کریں گے ۔ مودی نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ہندوستان کا شکریہ ادا کرنے والے ٹوئیٹ کے جواب میں ری ٹوئیٹ کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ صدر ٹرمپ نے ہائیڈرو کلوروکوئن کی برآمدات کی اجازت دینے پر نریندر مودی سے اظہارتشکر کیا جس کے جواب میں مودی نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ ہندوستان اورامریکہ کے درمیان پارٹنر شپ ابھی تک کے سب سے مضبوط دور میں ہے ۔ ہندوستان کورونا وائرس کے خلاف انسانیت کی اس جنگ میں ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہے۔ ٹرمپ نے ٹوئیٹ کرکے کہا، ’’مشکل وقت میں دوستوں کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہائیڈروکلوروکوئن کی امریکہ کو برآمد کے فیصلے کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت اورہندوستان کے لوگوں کا انہوں نے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔ ہندوستان نے پوری انسانیت کی مدد کی ہے۔ ہندوستان نے مارچ میں کورنا وائرس کے پھیلنے کے پیش نظر ہائیڈروکلوروکوئن کی برآمدات پر پابندی لگا دی تھی۔ یہ دوا ممکنہ اینٹی وائرل ایجنٹ اور دیگر جنیرک ادویات کے طور پر استعمال کی جا سکتی ہے۔ یو ایس فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے مہلک کوروناوائرس کے ممکنہ علاج کیلئے ہائیڈرو کلوروکوئن کی نشاندہی کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہیکہ نیویارک میں تقریباً 1500 کورونا مریضوں پر اس کا تجربہ کیا گیا ہے۔ توقع کی جارہی ہیکہ اس دوا کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے کوروناوائرس کے مریضوں کیلئے 30 ملین ہائیڈروکلوروکوئن خوراک کی خریداری کی ہے۔ ٹرمپ نے گذشتہ ہفتہ وزیراعظم نریندر مودی سے فون پر ہوئی بات چیت کے دوران اس دوا کے فراہمی کی درخواست کی تھی۔ ٹرمپ نے یہ بھی دھمکی دی تھی کہ اگر دوا سربراہ نہیں کی گئی تو وہ جوابی کارروائی کریں گے۔ ٹرمپ کی اس دھمکی پر حکومت ہند نے پیر کو برآمدات پر عائد پابندی جزوی طور پر ہٹا لی اور ہائیڈروکلوروکوئن امریکہ کو برآمد کرنے کا فیصلہ کیا۔ انڈین فارماسیوٹیکل الائنس کے سکریٹری جنرل سدرشن جین نے بتایا کہ گجرات کے تین کمپنیاں یہ دوا امریکہ کو برآمد کرے گی۔ دنیا بھر میں ہائیڈروکلوروکوئن دوا کی 70 فیصد تیاری ہندوستان میں ہوتی ہے۔ ہندوستان میں ہر ماہ 40 ٹن کلوروکوئن کی تیاری کی گنجائش ہے۔