پورٹ شیف ٹروم ۔ 8 فروری (سیاست ڈاٹ کام) دفاعی چمپین ہندوستانی کرکٹ ٹیم ریکارڈ پانچویں مرتبہ انڈر 19 ورلڈ کپ کیلئے پسندیدہ موقف میں ہے جب وہ کل ورلڈ کپ کا فائنل پہلی مرتبہ خطابی مقابلے میں رسائی حاصل کرنے والی بنگلہ دیشی ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔ 2018ء کے ایڈیشن میں پارتھیو شاہ نے شبھمن گل موجود تھے جو اس وقت سینئر ٹیم کا حصہ بن چکے ہیں تو اس وقت جو ٹیم ورلڈ کپ کا فائنل کھیل رہی ہے، اوپنر یاشاسوی جیسوال اور اسپنر روی بشنوئی کے ساتھ فاسٹ بولر کارتک تیاگی موجود ہیں جو اس ورلڈ کپ کے بعد راتوں رات اسٹار کھلاڑی بن جائیں گے۔ اتوار کو کھیلے جانے والے فائنل کا نتیجہ کچھ بھی ہو لیکن ہندوستان نے پھر ایک مرتبہ انڈر19 سطح کی کرکٹ پر اپنی حکمرانی ثابت کردی ہے جس کے سہرا بی سی سی آئی کو جاتا ہے جو ڈومیسٹک کرکٹ کو بہتر سے بہتر بنا رہی ہے۔ ہندوستان میں سیمی فائنل میں کٹر حریف پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دی ہے۔ جبکہ دوسری جانب بنگلہ دیش سیمی فائنل مقابلے میں نیوزی لینڈ کو شکست دی ہے۔ ہندوستانی ٹیم جس نے دنیا کے مختلف ممالک میں 30 سے زائد مقابلے کھیلے ہیں اور وہ جنوبی آفریقی وکٹوں سے اچھی طرح واقف ہے ۔ دوسری جانب بنگلہ دیشی ٹیم پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کا فائنل کھیل رہی ہے۔