ہندوستان اور خلیجی تعاون کونسل کے درمیان اہم شعبہ جات میں پیشرفت

   

ریاض میں سکریٹری سطح کا اجلاس، ڈاکٹر اوصاف سعید نے ہندوستان کی نمائندگی کی
حیدرآباد۔20۔مارچ (سیاست نیوز) ہندوستان اور خلیجی تعاون کونسل کے سکریٹریز کی سطح پر پہلے مرحلہ کا اجلاس آج سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقد ہوا۔ ہندوستانی وفد کی قیادت ڈاکٹر اوصاف سعید سکریٹری (CPV &OIA) نے کی جبکہ خلیجی تعاون کونسل کے وفد کی قیادت ڈاکٹر عبدالعزیز بن حماد الاویشاق کر رہے تھے جو خلیجی تعاون کونسل کے پولیٹیکل افیرس اور مذاکرات کے امور کے سکریٹری جنرل ہیں۔ اجلاس میں خلیجی تعاون کونسل کے 6 رکن ممالک کے عہدیداروں نے حصہ لیا۔ ہندوستان کے وزیر خارجہ کے ستمبر 2022 ء میں دورہ سعودی عرب کے موقع پر ہندوستان اور خلیجی تعاون کونسل کے درمیان یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے تھے۔ یادداشت مفاہمت کے میکانزم پر عمل آوری کے سلسلہ میں آج دونوں ممالک کے سکریٹری سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ ہندوستان اور خلیجی تعاون کونسل کے ارکان نے تجارت اور سرمایہ کاری میں حوصلہ افزاء پیشرفت پر مسرت کا اظہار کیا۔ فریقین نے ہندوستان اور خلیجی تعاون کونسل کے درمیان تجارت کے آزادانہ معاہدہ کو جلد قطعیت دینے سے اتفاق کیا ہے۔ ڈاکٹر اوصاف سعید نے مختلف شعبہ جات جیسے تجدید توانائی ، فوڈ سیکوریٹی ، ہیلت انفارمیشن ٹکنالوجی اور انسداد دہشت گردی میں خلیجی تعاون کونسل کے ساتھ بہتر تال میل اور اشتراک کی دعوت دی۔ ہندوستان اور خلیجی تعاون کونسل رکن ممالک کے درمیان مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون میں مزید پیشرفت کے لئے مشترکہ ورکنگ گروپس کی تشکیل کی تجویز سے اتفاق کیا گیا۔ مشترکہ ورکنگ گروپس کی قیادت ماہرین کریں گے جو ترجیحی شعبہ جات میں تعاون کو یقینی بنائیں گے۔ ہندوستان اور خلیجی تعاون کونسل کے ارکان نے تاریخی روابط کو مزید بہتر بنانے تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کی مساعی کو سراہا۔ خلیج میں ہندوستان کے تقریباً 8.5 ملین غیر مقیم ہندوستانی دستے ہیں۔ خلیجی تعاون کونسل کے ممالک ہندوستان کیلئے اہم تجارتی مرکز کی طرح ہیں اور مالیاتی سال 2021-22 ء میں 154 بلین امریکی ڈالر کی تجارت کی گئی تھی۔ اجلاس میں عوام سے عوام کے درمیان رابطے مزید بہتر بنانے اور علاقائی اہمیت کے مسائل پر مزید مشاورت سے اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے ہندوستان اور خلیجی تعاون کونسل کے درمیان وزرائے خارجہ کی سطح پر عنقریب اجلاس منعقد کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ ڈاکٹر اوصاف سعید وزارت خارجہ میں خلیجی ممالک کے امور کے نگرانکار ہیں اور اپنے سعودی عرب دورہ کے موقع پر انہوں نے نمائندہ شخصیتوں سے ملاقات کی۔ر