پیرس ؍ نئی دہلی: ہندوستان اور فرانس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے متعلق امور اور باہمی دلچسپی کے امور بشمول دہشت گردی سے مقابلہ، اقوام متحدہ کی امن بحالی اور عالمی اداروں میں اصلاحات پر بات چیت کی۔وزارت خارجہ نے چہارشنبہ کو کہا کہ ہندوستان ۔ فرانس کی اسٹریٹجک شراکت داری کے تناظر میں، دونوں فریقوں نے منگل کو پیرس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اپنے اپنے ممالک سے متعلق مختلف موضوعات اور ایجنڈوں پر تبادلہ خیال کیا۔ بات چیت کے دوران دونوں فریقین نے فرانس اور ہندوستان کی صدارتوں کے دوران ایک دوسرے کو اپنی ترجیحات سے آگاہ کیا جو بالترتیب ستمبر اور ڈسمبر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہونے والی ہے ۔انہوں نے ستمبر میں ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے بارے میں بھی بات چیت کی۔ مذاکرات میں ہندوستانی فریق کی قیادت وزارت خارجہ میں جوائنٹ سکریٹری (اقوام متحدہ۔ سیاسی) پرکاش گپتا نے کی۔ ان کے ساتھ پیرس میں ہندوستانی سفارت خانے کے حکام بھی تھے ۔