نئی دہلی: ہندوستان اور مالدیپ نے جامع اقتصادی اور بحری سلامتی کی ساجھیداری کیلئے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے اپنے عہد کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور مالدیپ کے وزیر دفاع محمد غسان مامون نے آج یہاں دو طرفہ بات چیت کے دوران دفاعی اور سیکورٹی تعاون کے مختلف پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا۔ وزارت دفاع کے مطابق بات چیت کے دوران دونوں فریقوں نے ہندوستان۔مالدیپ جامع اقتصادی اور میری ٹائم سیکورٹی پارٹنرشپ کے مشترکہ وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے مل کر کام کرنے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر دفاع نے مالدیپ کی دفاعی تیاریوں میں صلاحیت سازی میں مدد سمیت دفاعی پلیٹ فارم اور اس کی صلاحیتوں کو بڑھانے کیلئے اثاثوں کی فراہمی، قومی ترجیحات، ہندوستان کی ‘پڑوسی سب سے پہلے پالیسی اور ساگر میں حمایت کیلئے ہندوستان کی تیاری کی تصدیق کی۔ مامون نے ضرورت کے وقت مالدیپ کیلئیپہلے جواب دہندہ’ کے طور پر ہندوستان کے تاریخی کردار کی تعریف کی اور جدید بنیادی ڈھانچے کی صلاحیتوں کو بڑھانے اور دفاعی اور سیکورٹی اہلکاروں کی تربیت میں مالدیپ کی مدد کرنے کیلئے ہندوستان کا شکریہ ادا کیا۔