بولروں کیلئے ساز گار وکٹ پر بیٹسمینوں کا امتحان متوقع
نارتھ ساؤنڈ (اینٹیگا) ۔21 اگسٹ ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) ویراٹ کوہلی کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم کل یہاں شروع ہورہے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹسٹ میں کامیابی کے لئے میدان سنبھالتے ہوئے افتتاحی ورلڈ ٹسٹ چمپیئن شپ کاکامیاب آغاز کرنا چاہے گی ۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹسٹ میں ہندوستان کی کامیابی ویراٹ کوہلی کے بطور کپتان 27 ویں کامیابی ہوگی جس کے ذریعہ وہ مہندر سنگھ دھونی کی برابری کرلیں گے ۔ کاغذ پر ہندوستانی بیٹنگ شعبہ کپتان ویراٹ کوہلی ، چتیشور پجارا ، کے ایل راہول ، روہت شرما اور ریشبھ پنت کے علاوہ نائب کپتان اجینکیا رہانے کی موجودگی میں کافی مضبوط ہے جوکہ جیسن ہولڈر کی زیرقیادت میزبان ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیابی کیلئے پسندیدہ موقوف میں ہے جیسا کہ اس نے پہلے ہی ٹوئنٹی 20 اور ونڈے سیریز اپنے نام کرچکی ہے ۔ ہندوستان کیلئے ٹسٹ سیریز آسان ثابت نہیں ہوسکتی کیونکہ رواں سیزن کے آغاز پر انگلش ٹیم کو یہاں کی وکٹوں پر سرخ گیند سے مقابلہ کرنے میں نہ صرف دقت پیش آئی تھی بلکہ 1-2 کی شکست بھی برداشت کرنی پڑی تھی ۔ فاسٹ بولروں کیلئے سازگار وکٹ پر سر ویوین رچرڈس اسٹیڈیم میں کوہلی اور ان کے بیٹسمینوں کو سخت امتحان کا سامنا ہوسکتا ہے ۔ اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے ویراٹ کوہلی نے کہا کہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ ٹسٹ کرکٹ میں عوام کی دلچسپی نہیں ہے اور یہ اپنی اہمیت کھو رہی ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ حالیہ چند برسوں کے دوران ٹسٹ کرکٹ مزید مسابقتی ہوئی ہے اور فتوحات کے لئے ٹیموں کے درمیان چیلنج میں اضافہ ہوا ہے ۔ کوہلی نے افتتاحی ورلڈ ٹسٹ چمپیئن شپ کے ضمن میں کہاکہ اس کے آغاز کی وجہ سے ہرسیریز میں مزید دلچسپی بڑھی ہے کیونکہ اب ٹیمیں باہمی سیریز سے آگے ٹسٹ چمپیئن شپ میں اپنے موقف کو مستحکم کرنے کے لئے بہتر سے بہتر مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے ۔ آخری مرتبہ یہاں کھیلے گئے ٹسٹ میں انگلینڈ نے 187 اور 132 رنز اسکور کئے تھے
لیکن وہ سال کا مختلف عرصہ تھا اور اب موسم مختلف ہے اس کے باوجود کوہلی اور دوبارہ ٹیم کے کوچ بنائے گئے روی شاستری کو اندازہ ہے کہ سرخ اور نئی گیند سے ہندوستانی بیٹسمینوں کیلئے حالات آسان نہیں ہوں گے اور خاص کر کیمروچ ، شینان گیبریل اور جیسن ہولڈر کی بولنگ مہمان بیٹسمینوں کو پریشان کرسکتی ہے ۔ وکٹ اگر فاسٹ بولروں کیلئے سازگار رہے گی تو کوہلی اس مقابلے میں چار فاسٹ بولروں کے ساتھ میدان سنبھال سکتے ہیں جس کے بعد اسپنر کے لئے روی چندرن اشون اور کلدیپ کے درمیان واحد اسپنر کے مقام کیلئے سخت مقابلہ ہوگا ۔ تین فاسٹ بولروں کے تعلق سے یقینی طورپر کہا جاسکتا ہے کہ یہ جسپریت بومرہ ، ایشانت شرما اور محمد سمیع ہوں گے جبکہ چوتھے فاسٹ بولر کیلئے ٹیم میں موجود آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا کی واپسی یقینی ہے جوکہ محدود اوورس کی سیریز میں ٹیم کو دستیاب نہیں تھے ۔ کوہلی کیلئے سب سے بڑا مسئلہ مڈل آرڈر میں روہت شرما اور اجینکیا رہانے کے درمیان کسی ایک کا انتخاب ہے کیونکہ ایک جانب دونوں ہی بیٹسمینوں نے ٹور میچ میں بہتر مظاہرہ کیا ہے جبکہ وکٹ کی مناسبت سے قطعی گیارہ کھلاڑیوں کا انتخاب اور بیٹسمینوں کی صف بندی میں ان دونوں کو شامل کرنا بھی ہے ۔ وکٹ اگر ہری رہی تو یہ امکان بھی ہے کہ پانچ بولروں کو شامل کرنے کے ساتھ رویندر جڈیجہ کو بحیثیت آل راؤنڈر شامل کیا جاسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ ٹاپ آرڈر میں مینگ اگروال کے ساتھ اننگز کا آغاز کون کرے گا یہ بھی اہم سوال ہے ۔ کے ایل راہول کے علاوہ ہنوما وہاری بھی موجود ہے لیکن تجربہ کار اوپنر کا ہونا بھی ضروری ہے ۔