ہندوستان اور پاکستان کا مقابلہ ، میمز کا سلسلہ شروع

   

دبئی ۔ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے ایشیا کپ 2022ء کے شیڈول کا اعلان کر دیاگیا ہے اور اس ٹورنمنٹ میں فائنل سے قبل پاکستان اور ہندوستان کے درمیان دو میچز ہوں گے۔ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے ایشیا کپ 2022ء کے جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق کرکٹ کی دنیا کی دو بڑی حریف ٹیموں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان پہلا مقابلہ رواں ماہ 28 اگست کو ہوگا۔ایشیا کپ 27 اگست سے شروع ہوگا جبکہ ابھی ہی سے کرکٹ کے مداحوں کی پاک ہندوستان مقابلے پر نظریں جمی ہوئی ہیں۔ ہند۔ پاک میچز کے لیے ناصرف دونوں ممالک کے کرکٹ شائقین بلکہ سینئر کرکٹرز بھی پرجوش نظر آ رہے ہیں۔ہندوستان کے مشہور سابق کھلاڑی وسیم جعفر کی جانب سے بھی ایشیا کپ 2022ء کے دوران ہند ۔ پاک کے درمیان ہونے والے میچز پر میم شیئرکی گئی ہے۔ میم کے کیپشن میں وسیم جعفر نے ایک مختصر سی ویڈیو کے ذریعے بتایا ہے کہ ہند ۔ پاک کے درمیان دونوں میچز کے دن براڈکاسٹرز کی حالت کیسی ہوگی۔ میم پر مبنی مختصر سی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص بے چینی کے عالَم میں اِدھر اْدھر دیکھ رہا ہے۔واضح رہے کہ اے سی سی کے شیڈول کے مطابق افتتاحی میچ 27 اگست کو سری لنکا اور افغانستان کے درمیان ہوگا اور 28 اگست کو پاکستان اور ہندوستان کی ٹیمیں دبئی میں مدمقابل ہوں گی جبکہ 2 ستمبر کو پاکستان ٹیم کوالیفائر ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔پہلے مرحلے کے بعد دونوں گروپس سے فی کس 2 ٹیمیں سوپر فور میں جگہ بنائیں گی جس میں ہر ٹیم 3 میچز کھیلے گی۔سوپر فور میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مقابلہ 4 ستمبر کو متوقع ہے جبکہ ایونٹ کا فائنل 11 ستمبر کو ہوگا۔یاد رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں ٹی 20 ورلڈ کپ میں آخری مرتبہ آمنے سامنے ہوئی تھی جس میں پاکستان نے پہلی مرتبہ آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان کو شکست دی تھی ۔