ہندوستان اور پاکستان کو مسئلہ کشمیر پر بات چیت کا مشورہ

   

Ferty9 Clinic

ٹرمپ کی عمران خان سے فون پر بات چیت ، کشیدگی میں کمی پر زور

واشنگٹن۔17 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ٹیلی فون پر پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سے ہندوستان کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کے سلسلہ میں بات چیت کی۔ وہائٹ ہاؤس کے ڈپٹی پریس سکریٹری ہوگن گڈلے نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ صدر نے جموں و کشمیر کی صورتحال کے بارے میں دو طرفہ بات چیت کے ذریعہ پاکستان کو ہندوستان کے ساتھ کشیدگی کو کم کرنے کو کہا ہے ’’۔ گڈلے نے کہا کہ اس دوران دونوں رہنماؤں نے امریکہ اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے پر بھی بات چیت کی۔دونوں رہنماؤں نے ایسے وقت پر ٹیلی فون پر بات چیت کی جب 40 سے زیادہ برسوں کے بعد اقوام متحدہ بند دروازے کے اندر کشمیر معاملہ پر میٹنگ کی جا رہی تھی۔میٹنگ کے دوران سلامتی کونسل کے مستقل ارکان میں صرف چین ہی پاکستان کے حق میں تھا، جبکہ دیگر چار رکن ممالک برطانیہ، فرانس، روس اور امریکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ مذاکرات کے حق میں تھے ۔اس دوران پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر مسئلے پر آج اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں ہونے والی بحث کے سلسلہ میں امریکی صدر کو اعتماد میں لیا۔ ریڈیو پاکستان نے قریشی کے حوالہ سے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی اور دونوں نے کشمیر معاملہ پر رابطہ میں رہنے کے لئے بھی اتفاق کا اظہار کیا۔قابل ذکر ہے کہ 5 اگست کو حکومت ہند نے جموں کشمیر کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے والے آرٹیکل 370 کو ہٹا دیا۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے اسے جموں و کشمیر کی ترقی میں ’بڑی رکاوٹ‘ اور دہشت گردی کا اصل سبب بتایا تھا۔ اس کے بعد پاکستان نے ہندوستان کے ساتھ اپنے سیاسی تعلقات میں کمی اور دو طرفہ تجارت روک دیا تھا۔