ہندوستان اور پاکستان کے مابین قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ

   

نئی دہلی ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور پاکستان نے ایک دوسرے کی جیلوں میں قید عام شہریوں اور ماہی گیروں کی تفصیلات کا تبادلہ کیا۔ وزارت اُمور خارجہ (ایم ای اے) نے کہاکہ ہندوستان نے اپنی جیلوں میں قید 249 پاکستانی عام شہریوں اور 98 ماہی گیروں کی فہرست پڑوسی ملک کو پیش کردی ہے۔ پاکستان نے بھی اپنی تحویل میں موجود اُن 54 شہریوں اور 483 ماہی گیروں کی فہرست پیش کی جو ہندوستانی ہیں یا ہندوستانی سمجھے جاتے ہیں۔ 2008 ء کے ایک سمجھوتہ کے تحت ان فہرستوں کا تبادلہ عمل میں آیا جس کے مطابق ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی ایسی فہرستوں کے تبادلے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ وزارت اُمور خارجہ نے اپنے عام شہری قیدیوں، لاپتہ دفاعی اہلکاروں اور ماہی گیروں کی عاجلانہ رہائی اور وطن واپسی پر زور دیا ہے۔ وزارت نے مزید کہاکہ ’اس ضمن میں پاکستان سے کہا گیا ہے کہ اُن 17 عام شہری ہندوستانی قیدیوں اور 369 ہندوستانی ماہی گیروں کی عاجلانہ رہائی اور وطن واپسی کے لئے عاجلانہ اقدامات کئے جائیں جن کی قومیت کی توثیق ہوچکی ہے‘۔