ہندوستان اور چین کی ’گندی فضا‘ ۔ امریکی صدر ٹرمپ کا ریمارک

   

Ferty9 Clinic

ناشویلے (امریکہ) : امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دوسرے و آخری صدارتی مباحثے میں ہندوستان اور چین کی فضاء کو گندی اور مضرت رساں قرار دیا ہے ۔ انہوں نے تبدیلی آب و ہوا سے متعلق پیرس معاہدہ سے امریکہ کی دستبردار کی مدافعت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ان کی دوستی اپنی جگہ ہے لیکن ایشیاء کے دو وسیع و عریض ملکوں کی فضائی آلودگی نہ صرف خطہ بلکہ دیگر عالمی حصوں کیلئے بھی نقصان دہ ہے ۔ گزشتہ ماہ ٹرمپ نے وزیراعظم مودی کو اچھا دوست قرار دیتے ہوئے سراہا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ آئندہ ماہ کے صدارتی الیکشن میں انہیں ہندوستانی امریکیوں کے ووٹ حاصل ہوں گے ۔ گزشتہ سال مودی جب امریکہ کے دورہ پر تھے تب ’ہوڈی ، موڈی‘ ایونٹ کا بڑے پیمانے پر اہتمام کیا گیا تھا اور اس کے جواب میں وزیراعظم ہند نے رواں سال فبروری میں ٹرمپ کی میزبانی کرتے ہوئے ’نمستے ٹرمپ ‘ کا گجرات میں انعقاد عمل میں لایا ۔ اس تناظر میں ٹرمپ کا تازہ ریمارک کچھ عجیب معلوم ہوتا ہے کیونکہ انہوں نے بڑے پلیٹ فارم پر ہندوستان کی خامی کو نمایاں کردیا ہے ۔ ہندوستان کی طرف سے سرکاری و خانگی گوشوں میں ملاجلا ردعمل سامنے آیا ہے ۔ سرکاری حلقوں نے فوری شدید ردعمل سے گریز کیا جبکہ خانگی محاذ پر این ڈی ٹی وی نیک ورک کے جرنلسٹ وشنو سوم نے کہا کہ امریکی صدر کا بیان غلط نہیں ہے ملک کی فضا افسوسناک طور پر آلودہ ہے ۔ نیوز ویب سائیٹ ’دی پرنٹ ‘ کے ایڈیٹر ان چیف شیکھر گپتا نے بھی کہا کہ ٹرمپ کے ریمارک پر مشتعل ہونے کا کوئی جواز نہیں ۔ ہر سال تقریباً 15 ہندوستانی شہر دنیا کے سب سے زیادہ آلودہ شہروں میں شمار ہوتے ہیں اور ہم نے اس مسئلہ سے نمٹنے کیلئے بہت کم کام کیا ہے ۔