گرین ٹکنالوجیز اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا عہد
نئی دہلی : ہندوستان اور ڈنمارک نے اپنی منفرد گرین اسٹراٹیجک شراکت داری کو فروغ دینے کے اقدامات پر رضا مندی کا اظہار کیا ہے اور گرین ٹکنالوجیز اور انتظامیہ کے علاوہ دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے 4 معاہدوں پر آج دستخط کئے گئے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ڈنمارک کی اپنی ہم منصب میٹے فیڈریکسن کے ساتھ اجلاس کے بعد بتایا کہ گرین اسٹراٹیجک پارٹنر شپ کو ایک سال قبل ہی دونوں ممالک نے قطعیت دے دی تھی ۔ اس شراکت داری کے ذریعہ گرین ٹکنالوجیز کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کا اظہار ہوتا ہے ۔ اس شراکت داری کے ذریعہ مستقبل قریب میں موسمی تبدیلی پر بھی باہمی تعاون کو فروغ دینے کا عہد کیا گیا ۔ ڈنمارک کی وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ ان کے ملک میں گرین ٹکنالوجیز کے شعبے میں کافی مہارت ہے اور ہندوستان اپنی بڑی آبادی کے فائدہ کے لیے اس کو استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان ہفتہ کو جن چار معاہدوں پر دستخط کئے گئے ان میں کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ ، نیشنل جیوگرافیکل انسٹی ٹیوٹ حیدرآباد اور آرشز یونیورسٹی دی جیالوجیکل سروے آف ڈنمارک کے ساتھ یادداشت مفاہمت بھی شامل ہے ۔ 3 کمرشیل معاہدوں کا بھی اعلان کیا گیا ۔دونوں ممالک نے صحت کے شعبے میں بھی تعاون کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا ۔ اسمارٹ واٹر ریسورس مینجمنٹ کے شعبے میں بھی تعاون فروغ دیا جائے گا ۔