نئی دہلی : ہندوستانی اولمپک اسوسی ایشن (آئی او اے) نے ملک میں عوامی جذبات کا حوالہ دیتے ہوئے ٹوکیو اولمپکس سے قبل کھیلوں کے چینی لباس لی ننگ کو چھوڑ دیا ہے کیونکہ وہ ہندوستانی کھلاڑیوں کیلئے سرکاری کٹ کی اسپانسر تھی۔ آئی او اے نے گذشتہ ہفتہ لی ننگ کے تیار کردہ اولمپک کٹ کی رونمائی کی تھی جس کے بعد ملک بھر میں وسیع پیمانے پر تنقید کی جارہی تھی کیونکہ مشرقی لداخ میں گذشتہ سال دونوں ممالک کے مابین فوجی تصادم کا سامنا ہواتھا جس پر ہندوستان نے چینی کمپنیوں کے خلاف سخت ردعمل سامنے آیا تھا۔ آئی او اے کے صدر نریندر بترا اور سکریٹری جنرل راجیو مہتا نے کہا ہیکہ ہم نے اپنے شائقین کے جذبات سے واقفیت حاصل کرنے کے بعد فیصلہ کیا ہیکہ ہم چینی کمپنی کے ساتھ موجودہ معاہدہ سے دستبردار ہوجائیں گے۔