ہندوستان آج اسپین کیخلاف واپسی کا خواہاں

   

ٹوکیو : آسٹریلیا کے خلاف انتہائی مایوس کن مظاہروں کے بعد ہندوستانی ہاکی ٹیم پول اے میں کل یہاں خود سے عالمی درجہ بندی میں نچلے مقام پر موجود اسپین کے خلاف واپسی کے لئے کوشاں ہوگی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف 3-2 کی کامیابی کے ساتھ ہندوستانی ہاکی ٹیم نے اولمپکس مہم کا شاندار آغاز کیا تھا لیکن اسے اس کے بعد عالمی درجہ بندی میں پہلے مقام پر فائز آسٹریلیائی ٹیم کے خلاف 1-7 کی شرمناک شکست برداشت کرنی پڑی ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی شکست سے ہندوستانی کھلاڑیوں کے حوصلے پست ہوئے ہوں گے لیکن وہ کل اسپین کے خلاف کامیابی کے ذریعہ اپنیی ڈگری پر واپسی کے لئے کوشاں ہوگی۔ ہندوستان کی یہ آسٹریلیائی کوچ گرائم ریڈ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد سب سے بڑی شکست بھی ہے۔ گرائم ریڈ نے اپریل 2019 ء میں ہندوستانی ٹیم کے کوچ کی ذمہ داری سنبھالی ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے مقابلے میں حریف ٹیم نے ہندوستانی ٹیم کے ڈیفنس شعبہ کو کافی دباؤ میں رکھا جس کی وجہ سے اس نے 7 گول بنانے کے مواقع پیدا کئے۔ اس مقابلے کے پہلے نصف مرحلہ میں ہی آسٹریلیا نے 4 گول بنائے تھے۔ دوسری جانب اسپین اور جاپان اولمپک میںاپنی پہلی کامیابی کی تلاش میں ہے۔ دونوں ہی ٹیموں نے دو مقابلے کھیلے ہیں۔ 6 ٹیموں پر مشتمل ہر پول سے 4 ٹیمیں کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کریں گی جس کے لئے ضروری ہے کہ ہندوستان کل کھیلے جانے والے مقابلے میں اسپین کو شکست دے۔ مندیپ سنگھ، شمشیر سنگھ، للت اپادھیائے اور دل پریت پر مشتمل فارورڈ لائن بے رنگ دکھائی دی اور کل کے مقابلے میں ان کھلاڑیوں کو جارحانہ مقابلہ کرنا ہوگا ۔