ہندوستان آج نیوزی لینڈ کیخلاف ایک اور کامیابی کیلئے پُرعزم

   

Ferty9 Clinic

آکلینڈ 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کل یہاں ایڈن پارک میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے ٹی 20 مقابلے میں اُس ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کرسکتی جس نے پہلے مقابلہ میں ہمالیائی اسکور کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے سیریز میں برتری حاصل کی ہے۔ کل یہاں کھیلے جانے والے ایڈن پارک کے مقابلہ میں بھی ہمالیائی اسکور کی اُمید کی جارہی ہے۔ پہلے مقابلے میں جہاں بولروں کے لئے حالات سازگار نہیں تھے وہیں ہندوستان کے صف اول کے بولر جسپریت بومرا نے فی اوور 8 رنز سے کم کے حساب سے رنز دیئے اور وہ کفایتی بولنگ کرنے والے واحد بولر تھے۔ ہندوستان کے لئے محمد سمیع مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے جنھوں نے 4 اوورس میں 53 رنز دیئے لیکن وہ وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب بھی نہیں ہوئے۔ شردول ٹھاکر نے 3 اوورس میں 44 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ ہندوستانی ٹیم میں ایک تبدیلی ہوسکتی ہے اور وہ محمد سمیع کو ٹیم میں برقرار رکھتے ہوئے شردول کے مقام پر فاسٹ بولر نودیپ سینی کو شامل کیا جاسکتا ہے کیوں کہ اِن کی رفتار ٹھاکر سے زیادہ ہے۔ ہندوستانی ٹیم کا یہ فیصلہ بھی توجہ کا مرکز ہوگا کہ انتظامیہ فاسٹ بولر کی بجائے کلدیپ یادو کو شامل کرسکتا ہے تاکہ وہ یوزویندر چہل اور رویندر جڈیجہ کو تعاون دے سکیں۔ چہل اور کلدیپ کی کافی عرصہ سے ایک ساتھ ٹیم میں شمولیت نہیں ہوئی ہے جیسا کہ آخری مرتبہ اِس جوڑی نے ورلڈ کپ میں نمائندگی کی تھی۔بیاٹنگ میں ویراٹ کوہلی کے ہمراہ کے ایل راہول اور اوپنر روہت شرما کے ہمراہ سریش ایئر نے بھی گزشتہ مقابلہ میں ٹیم کو کامیابی دلوانے والی نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے اپنی اہمیت ثابت کی ہے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم جس نے بہترین بیاٹنگ کی تاہم وہ اب بولنگ مسائل کو حل کرنے پر توجہ مرکوز کرے گی۔