ہندوستان آج ونڈیز کے خلاف کلین سوئپ کا خواہاں

   

پورٹ آف اسپین۔ ہندوستانی ٹیم جو پہلے ہی سیریز جیت چکی ہے، ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے اور آخری ونڈے انٹرنیشنل میں چہارشنبہ کو کلین سویپ کرنے کے مقصد کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ ہندوستان نے اتوار کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ونڈے فارمیٹ میں لگاتار 12ویں سیریز جیت کر نیا عالمی ریکارڈ بنایا۔ یہ کسی ایک حریف کے خلاف ٹیم کی بہترین کارکردگی ہے۔ہندوستانی کوچ راہول ڈراویڈ اس میچ میں کچھ نئے کھلاڑیوں کو آزما سکتے ہیں لیکن وہ جیت کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے ٹیم کا توازن برقرار رکھنے پر توجہ دیں گے۔ رتوراج گائیکواڑ کو شبمن گل پر ترجیح ملنے کا امکان نہیں ہے۔ گل نے گزشتہ دو میچوں میں 64 اور 43 رنزکی دو کارآمد اننگز کھیلی ہیں ۔گائیکواڑ کو جنوبی افریقہ کے خلاف پوری سیریز کھیلنے کا موقع ملا جہاں وہ فاسٹ بولروں کے خلاف جدوجہد کرتے رہے۔شریاس آئر اور سنجو سیمسن نے بھی پچھلے میچ میں نصف سنچریاں اسکور کی تھیں جبکہ پہلے دو میچوں میں ناکامی کے باوجود سوریہ کماریادیوکو ایک اور موقع دیا جا سکتا ہے۔ ایسے میں ایشان کشن کو باہر بیٹھنا پڑے گا۔رویندرا جڈیجہ کو شکھر دھون کے ساتھ اس سیریز کے لیے نائب کپتان نامزد کیا گیا تھا اور وہ آل راؤنڈر کے طور پر پہلی پسند تھے لیکن گھٹنے کی تکلیفکی وجہ سے پہلے دو میچ نہیں کھیل سکے تھے۔ یہ بھی یقینی نہیں ہے کہ جڈیجہ تیسرے میچ میں کھیلنے کے لیے دستیاب ہوں گے یا نہیں کیونکہ اکشر پٹیل نے ان کی غیر موجودگی میں دوسرے میچ میں ناقابل شکست 64 رنز بنائے۔ ٹیم انتظامیہ پٹیل کی کارکردگی کو نظر انداز نہیں کر سکتی۔اگر دھون بائیں ہاتھ کے دو اسپنرزکو میدان میں اتارنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو یوزویندر چہل کو باہر بیٹھنا پڑ سکتا ہے۔