نئی دہلی ۔ 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) فلسطینی انسانی حقوق تنظیم ’’شاہد‘‘ کو مبصر کا موقف حاصل کرنے سے محروم رکھنے کیلئے اقوام متحدہ کی اقتصادی و سماجی کونسل میں رائے دہی کے دوران دیئے گئے کلید ووٹ پر اسرائیل نے نہدوستان سے رسمی طور پر اظہارتشکر کیا ہے۔ نئی دہلی میں واقع اسرائیلی سفارتخانہ کی ڈپٹی چیف آف مشن مایا کدوش نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’اقوام متحدہ میں اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہونے اور اقوام متحدہ میں مبصر موقف حاصل کرنے دہشت گرد تنظیم ’شاہد‘ کی درخواست مسترد کرنے پر ہندوستان کا شکریہ‘۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ’ہم دونوں (اسرائیل ۔ ہند) مشترکہ طور پر ان دہشت گرد تنظیموں کے خلاف بدستور کام کرتے رہیں گے جو (تنظیمیں) ہمیں نقصان پہنچانا چاہتی ہیں‘‘۔
