ممبئی : پاکستان کیلئے جاسوسی کے الزام میں آج ہندوستان کے دو مختلف حصوں میں گرفتاریاں عمل میں آئیں۔ ہندوستان ایروناٹکس لمیٹیڈ کے ملازم دیپک شیرستھ کو مہاراشٹرا انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے اِس الزام میں گرفتار کیا کہ وہ پاکستان کی انٹر سرویسس انٹلی جنس (آئی ایس آئی) ایجنسی کو لڑاکا طیارے کی خفیہ معلومات فراہم کررہا تھا۔ دیگر کارروائی جموں و کشمیر پولیس نے ضلع سانبا میں کی جہاں کلجیت کمار کو پاکستان کے لئے جاسوسی کے الزام پر حراست میں لیا گیا۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا معاملہ ہے اور نہ انوکھا۔ ماضی میں بارہا کئی غیر مسلم ہندوستانی شہریوں کو پاکستان کے لئے جاسوسی کے الزام پر گرفتار کیا گیا اور بیشتر معاملوں میں الزامات سچ ثابت ہوئے۔ شعبہ دفاع کے بشمول کلیدی اور راز کی معلومات کے کئی شعبے ہیں جن سے وابستہ ملازمین نے پاکستان کی جاسوس ایجنسی کو خفیہ معلومات فراہم کئے۔ ممبئی میں ڈی سی پی ونئے راتھوڑ نے کہاکہ ریاستی اے ٹی ایس کی ناسک یونٹ کو ایک شخص کے تعلق سے معتبر اطلاع موصول ہوئی جو آئی ایس آئی کے ساتھ مسلسل رابطہ میں تھا۔ یہ شخص دیپک شیرستھ ہے جس نے ہندوستانی لڑاکا طیارے اور اُس کی تیاری کی یونٹ سے متعلق راز کی معلومات پاکستانی جاسوس ادارہ کو واٹس ایپ اور سوشل میڈیا اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعہ پہنچائی۔ 41 سالہ دیپک کے خلاف قانون سرکاری راز کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ اُس کے قبضہ سے 3 موبائیل کے ساتھ 5 سمٹ کارڈس اور 2 میموری کارڈ ضبط کئے گئے۔ کشمیر میں کلجیت کو دوبئی میں مقیم آئی ایس آئی ایجنٹ نے پھانس رکھا تھا۔ کلجیت کمار نے سانبا کے کئی اہم مقامات کی تصویر کشی کی اور 2018 ء سے وہ تصاویر پاکستان کو بھیج رہا تھا۔ اُسے ایجنٹ کی طرف سے معقول رقم دی جارہی تھی۔